کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد4،3) - صفحہ 326
بلکہ ان کے معاصرین میں سے بہت سے علماء ، علم و تقویٰ میں ان سے بہت آگے تھے۔ اس کاواضح ثبوت یہ ہے کہ ان کے معاصرین سے جو علمی آثار نقل ہو کر ہم تک پہنچے ہیں وہ ائمہ شیعہ کی علمی خدمات سے بہت زیادہ ہیں ۔ شیعہ کے متقدمین ائمہ مثلاً علی بن حسین رحمہ اللہ ان کے بیٹے ابو جعفر رحمہ اللہ اور ان کے بیٹے جعفر بن محمد رحمہ اللہ سے کچھ علمی آثار نقل ہو کر ہم تک پہنچے ہیں ، مگر اس میں شبہ نہیں کہ ان کے معاصرین کی علمی خدمات ان پر بدر جہا فائق ہیں ۔ متاخرین ائمہ شیعہ کی علمی خدمات کا دائرہ بے حد محدود ہے، بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ وہ اس دور کے مشاہیر اصحاب علم و حدیث و فتویٰ کے زمرہ میں شمار ہی نہیں کیے جاتے، ان کی شان میں جو مناقب و محاسن ذکر کیے جاتے ہیں اس سے زیادہ فضائل ان کے ہم عصر علماء کے بیان کیے جاتے ہیں ۔ اگر یہ کہا جائے کہ :یہ ائمہ علم اور دین کے اعتبار سے تمام امت سے افضل ہیں ۔ ‘‘[1] [تاریخی حقائق کے پیش نظر ان کو علم دین میں افضل الامت قرار دینا خلاف واقع ہے]۔ دونوں صورتوں میں ائمہ شیعہ کی امامت اہل سنت کے نزدیک مسلم ہے، اس کی وجہ اہل سنت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ جو شخص بھی اﷲ و رسول کی اطاعت کی دعوت دیتا اور اعمال صالحہ کی تلقین کرتا؛ اور خود وہ کام کرتا ہو جنہیں اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے ہو تو اس کی بات مان لینی چاہیے۔ بنا بریں اہل سنت اعمال صالحہ کی جانب دعوت و تبلیغ میں ائمہ کی اطاعت کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔[بلاشبہ ان امور میں یہ ائمہ مقتدی ہیں ]۔اﷲتعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿وَ جَعَلْنَا مِنْہُمْ اَئِمَّۃً یَّہْدُوْنَ بِاَمْرِنَا لَمَّا صَبَرُوْا وَ کَانُوْا بِاٰیٰتِنَا یُوْقِنُوْنَ﴾ (سجدۃ:۲۳) ’’اور جب ان لوگوں نے صبر کیا تو ہم نے ان میں سے ایسے پیشوا بنائے جو ہمارے حکم سے لوگوں کو ہدایت کرتے تھے، اور وہ ہماری آیتوں پر یقین رکھتے تھے ۔‘‘ اﷲتعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو مخاطب کر کے فرمایا: ﴿ اِنِّیْ جَاعِلُکَ لِلنَّاسِ اِمَامًا﴾ (البقرۃ:۱۲۳) ’’میں تجھے لوگوں کا امام بنانے والا ہوں ۔‘‘ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی امامت کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ آپ شمشیر بکف لوگوں سے لڑیں گے، بلکہ مقصود یہ ہے کہ آپ واجب الاطاعت ہوں گے، یہ دوسری بات ہے کہ لوگ آپ کی اطاعت کریں یا اس سے منحرف ہو جائیں ۔پس یہ لوگ اور ان کے امثال حقیقت میں قابل تقلید نمونہ ہیں ۔ شیعہ کے امام، اہل سنت ائمہ کی طرح عزو شرف کے حامل ہیں اور اہل سنت ان باتوں میں ان کی اطاعت کرتے
[1] عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ کو حضرت امیر معاویہ سے افضل و اعلم قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ تابعین کرام جیسے حسن بصری اور امام شریک وغیرہ سے منقول ہے اگر لوگ حضرت امیر معاویہ کو دیکھ لیتے تو انہیں مہدی گمان کرنے لگتے۔ابن تیمیہ کے بقول آپ دنیاکے بہترین بادشاہوں میں سے تھے ۔ [الدراوی ]