کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد4،3) - صفحہ 245
’’فرما دیجیے: اے میرے بندو جنھوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی! اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہو جاؤ، بیشک اللہ سب کے سب گناہ بخش دیتاہے۔‘‘
لیکن جو کچھ اس کے بارے میں نقل کیا گیا ہے ؛ اگر یہ توبہ سے پہلے کاہے‘ تو اس کا قول قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ اور اگر یہ توبہ کے بعد کے واقعات ہیں تو پھر اس نے رافضیت سے سچی توبہ نہیں کی تھی۔بلکہ ممکن ہے صرف الحاد سے توبہ کی ہو [اور رافضیت پر باقی رہا ہو]۔ہر دو صورتوں میں اس کی بات ناقابل قبول ہے۔
ظاہر بات تو یہ ہے کہ یہ مغل بادشاہ کا نجومی تھا ؛ اور اہل الحادو مشرکین کے ساتھ ہی رہتا تھا۔ [اس کی توبہ کی روایت کے کوئی ثقہ راوی نہیں مل سکے ]۔
طرفہ تماشا یہ ہے کہ جو انسان حضرت ابوبکر و عمر اور عثمان اور ان کے علاوہ دیگر سابقین اولین مہاجرین وانصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر جرح و قدح کرتا ہے؛ امام مالک ؛ شافعی ؛ ابو حنیفہ اور احمد بن حنبل رحمہم اللہ جیسے لوگوں پراور ان کے ماننے والوں پر طعن و تشنیع کرتا ہے اور انہیں ان کی بعض غلطیوں کی وجہ سے عار دلاتا ہے ‘ جیسے شطرنج اور گانے کو مباح کہنا ۔ اسے کیسے یہ گوارا ہوگیا کہ وہ ان لوگوں کی باتیں بطور حجت کے پیش کرے جو اللہ تعالیٰ پر اور آخرت کے دن پر ایمان نہیں رکھتے ‘ اور نہ ہی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حرام کردہ چیزوں کو حرام سمجھتے ہیں ۔نہ ہی اللہ کے دین حق کو قبول کرتے ہیں ۔اور ان حرام چیزوں کو حلال سمجھتے ہیں جنہیں حرام کہنے پر پوری امت کااتفاق ہے ؛ جیسے زنا کاری اور شراب نوشی ؛ اور پھر وہ بھی رمضان کے دنوں میں ؛ اور نمازیں ضائع کرنا ‘ شریعت محمدی میں نقب زنی کرنا ؛ محرمات دین کو حقیر سمجھنا؛ اورمؤمنین کی راہ چھوڑ کر مشرکین کی راہ اختیار کرنا۔
ان کے بارے میں یہی رائے درست ہے؛ جیسا کہ کہا گیا ہے:
الدین یشکو بلیّۃ من فرقۃ فلسفیۃ
لا یشہدون صلاۃ إلا لأجل التقیۃ
ولا تری الشرع إلا سیاسۃ مدنیۃ
ویؤثرون علیہ مناہجاً فلسفیۃ
روافض کا ہمیشہ یہی حال رہا ہے ۔ یہ لوگ ہمیشہ سے اولیاء اور پرہیز گار و پارسا لوگوں صحابہ کرام مہاجرین و انصار اور سابقین اولین رضی اللہ عنہم کے دشمن رہے ہیں ۔ اور کفار ومنافقین سے ان کی دوستی رہی ہے۔اپنے آپ کو اسلام کی طرف منسوب کرنے والوں میں سب سے بڑے منافق ملحد باطنی اسماعیلیہ ہیں ۔پس جو کوئی اپنے قول کی تائید میں ان کے اقوال بطور حجت کے پیش کرے ؛ حالانکہ وہ اس سے پہلے ائمہ اسلام پر طعنہ زنی کرچکا ہے ؛ تو ایسا انسان لوگوں میں سب سے بڑھ کر اہل نفاق سے دوستی رکھنے والا اور اہل ایمان کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔