کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد4،3) - صفحہ 192
ان کا کہنا ہے کہ : ہم ایسی بہت ساری چیزوں کا منتفی ہونا جانتے ہیں جن کے امکان کا علم ہوتا ہے۔جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ سمندر کبھی خون نہیں بن سکتا؛ اور نہ ہی پہاڑ یاقوت بن سکتے ہیں ۔ اور نہ ہی حیوانات درخت بن سکتے ہیں ۔ بلکہ ایسی چیزوں کے علم کو عاقل اور مجنون کے درمیان وجہ فرق سمجھا جاتا ہے۔ اور وہ لوگ اگرچہ اپنے بعض ان عقائد میں تناقض کا شکار ہیں جو کہ عقلاً و نقلاً باطل ہیں ؛ پھر بھی تقدیر؛ صفات اور رؤیت کے بارے میں ان کے اقوال و عقائد ان معتزلہ اورموافقین شیعہ کے عقائد سے بہتر ہیں ۔ اگرچہ صواب وہی بات ہے جس پر سلف صالحین اور ائمہ اہل سنت قائم ہیں ؛ جو کہ ائمہ اربعہ اور ان کے جمہور کبار اصحاب کا عقیدہ ہے۔ اور ان ائمہ مذکورین سے ماثور نصوص دوسرے مقامات پر بیان کی جاچکی ہیں ۔ مکمل بیان وہی ہوتا ہے جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان کردیا ہو۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مخلوق میں سب سے بڑے عالم ؛ اور مخلوق کے سب سے بڑے خیرخواہ تھے۔ اور حق کے بیان میں ان سب سے بڑے فصیح اللسان تھے۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات بیان کئے ہیں ؛ اور اللہ تعالیٰ کا عرش پر بلند ہونا؛ اور اس کا دیدار ہونا بیان کیا ہے وہ اس باب کی منتہی ہے؛ اور اللہ ہی حق کی توفیق دینے والا ہے۔ فصل:....کلام اللہ کے متعلق اشاعرہ کا عقیدہ اوررافضی اعتراض پر ردّ رافضی کہتا ہے: اشاعرہ کا مذہب ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ نے ازل میں امرو نہی کی ہے۔ حالانکہ اس وقت اس کے پاس کوئی مخلوق نہ تھی۔ وہ کہتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿یٰٓاَیُّہَا النَّبِیُّ اتَّقِ اللّٰہَ﴾ (الاحزاب: ۱) ’’اے نبی! اللہ تعالیٰ سے ڈر۔‘‘ اوراﷲتعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿ یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ ﴾ (البقرۃ: ۲۷۸) ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ تعالیٰ سے ڈرو۔‘‘ اوراﷲتعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿ یٰٓاَیُّہَا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّکُمُ ﴾ (النسآء: ۱) ’’اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو۔‘‘ اگر ایک شخص خالی جگہ میں بیٹھ جائے ؛جہاں اس کا غلام اس کے پاس نہ ہو؛اور وہ اسے پکار کر یہ کہے: او سالم ! اٹھ کھڑا ہو۔ اے غانم ! تم کھاؤ۔ اے نجاح ! تم اندر آجاؤ۔ تو اس سے پوچھا جائے گا کہ تم کس کو پکار رہے ہو؟ اور وہ جواب دے کہ ایک ایسے غلام کو پکار رہا ہوں جسے میں بیس برس بعد خریدنے کا ارادہ رکھتا ہوں ۔ تو سب عقل والے اسے احمق اور بے وقوف