کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد2،1) - صفحہ 350
یہ بات یقینی طور پر ہر کوئی جانتا ہے کہ ان درگاہوں او ردرباروں کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی بھی ایسا حکم نہیں دیا جیسا کہ ان لوگوں نے اپنی طرف سے خود ساختہ کہانیاں گھڑلی ہیں ۔اور نہ ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انبیاء اور صالحین کی قبروں کے پاس عبادت کرنے کے طریقے مقرر کئے ہیں ۔بلکہ یہ تو مشرکین کا دین ہے جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿وَقَالُوْا لَا تَذَرُنَّ آلِہَتَکُمْ وَلَا تَذَرُنَّ وَدًّا وَّلَا سُوَاعًا وَلَا یَغُوثَ وَیَعُوقَ وَنَسْرًا ﴾ [نوح۲۳] ’’اور کہا انہوں نے کہ ہرگز اپنے معبودوں کو نہ چھوڑنا اور نہ ود اور سواع اور یغوث اور یعوق اور نسر کو چھوڑنا۔‘‘ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہمافرماتے ہیں : ’’ یہ حضرت نوح علیہ السلام کی قوم کے بزرگ تھے۔ جب ان کا انتقال ہوگیا تو لوگ ان کی قبروں پر بیٹھ گئے ۔ جب ایک لمبا زمانہ گزر گیا تو انہوں نے ان کی مورتیاں بنالیں ‘ او رپھر ان کی بندگی کرنے لگے۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بات ثابت ہے کہ آپ نے فرمایا: ’’ تم قبروں پر نہ بیٹھنا اور نہ ہی ان کی طرف رخ کرکے نماز پڑھنا۔ ‘‘ [1] حضرت ابوہیاج اسدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : مجھ سے حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ کیا میں تجھے اس کام کے لئے نہ بھیجوں جس کام کے لئے مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھیجا تھا کہ تو کسی صورت کو مٹائے بغیر نہ چھوڑنا اور نہ کسی بلند قبر کو برابر کئے بغیرچھوڑنا۔‘‘[2] یہاں پر مورتیوں کو مٹانے اور قبروں کو برابر کرنے کا ایک ہی حکم بیان ہوا ہے۔اس لیے کہ یہ دونوں چیزیں شرک پھیلانے کا ذریعہ ہیں ۔ جیسا کہ صحیحین میں حضرت ام سلمہ اور ام حبیبہ رضی اللہ عنہماسے روایت ہے‘ انہوں نے ایک گرجا ارض حبشہ میں دیکھا تھا، اس میں خوبصورت تصویریں تھیں ۔جب انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اس کا ذکر کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ان لوگوں میں جب کوئی نیک مرد مر جاتا تو اس کی قبر پر مسجد بنا لیتے اور اس میں یہ تصویریں بنا دیتے، یہ لوگ اللہ کے نزدیک قیامت کے دن بدترین خلق ہوں گے۔‘‘[3]
[1] مسلم ۳؍۶۶۸۔ِکتاب الجنائِزِ، باب النہیِ عنِ الجلوسِ علی القبرِ والصلاِۃ علیہِ ؛ سننِ أبِی داود 3؍294 ِ کتاب الجنائِزِ، باب فِی کراہِیۃِ القعودِ علی القبرِ ؛ سننِ التِرمِذِیِ 2؍257؛ ِکتاب الجنائِزِ، باب ما جاء فِی کراہِیۃِ الوطئِ علی القبورِ والجلوسِ علیہا؛ سننِ النسائِیِ 2؍53؛ ِکتاب القِبلۃِ، باب النہیِ عنِ الصلاِۃ إِلی القبرِ) ؛ المسندِ (ط. الحلبِیِ4؍135.۔ [2] صحیح مسلم: کتاب جنازوں کا بیان ؛باب قبر کو برابر کرنے کے حکم کے بیان میں ؛ ح۲۲۳۶۔ [3] رواہ البخاري ۱؍۸۹؛ مسلم ۱؍۳۷۵۔