کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد2،1) - صفحہ 13
کتاب: منہاج السنہ النبویہ (جلد2،1)
مصنف: شیخ الاسلام ابن تیمیہ
پبلیشر: دارالمعرفہ
ترجمہ: پیرزادہ شفیق الرحمٰن شاہ الدراوی
انتساب
اولاً:.... میں اپنی اس ادنی سی کاوش کا انتساب ان علمائے کرام رحمہم اللہ کے نام کرتا ہوں جنہوں نے مختلف ادوار میں دفاع صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور بیان سنت کی خاطر اپنی قیمتی جانیں جان آفریں کے سپرد کردیں ۔اللہ تعالیٰ ان کی انمول قربانیاں قبول فرمائے اور انہیں اس پر بہترین بدلہ عطاء فرمائے۔
ثانیاً:....ان مجاہدین علمائے کرام کے نام جو آج بھی اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر سنت اور اہل سنت کا دفاع کررہے ہیں ۔
ثالثاً:.... اس کاوش کا انتساب اپنے ان تمام اساتذہ کرام کے نام کرتا ہوں جنہوں نے میری تربیت کی اورجن سے میں نے کسی طرح بھی اورکسی قدر بھی کسب فیض کیا ۔ ان میں سرکاری پرائمری سکول سے لیکر جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ تک کے تمام اساتذہ شامل ہیں ۔
رابعاً :....اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے نام اور اپنی بیگم اور بچوں کے نام ؛جنہوں نے مجھے اس کام کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے بھر پور موقعہ فراہم کیا ‘ اور اس دوران میرے بچوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کی خدمات انجام دیں ۔ اللہ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میری اس کاوش کو میرے اور میرے اساتذہ کرام کے نام اعمال میں شامل کردے اور جن صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت میں اس طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں ‘ اللہ تعالیٰ ان کی محبت پر ہی موت دے ‘ اور قیامت والے دن ان کے ساتھ ہمیں بھی کھڑا کردے۔ آمین ۔
٭٭٭