کتاب: من اطیب المنح - صفحہ 58
امام ابن خزیمہ نے اپنی تصنیف ’’الصحیح‘‘ میں عاصم بن محمد بن زید کی سند سے وہ اپنے والد سے وہ اپنے دادا عبداللہ بن عمر سے ان الفاظ کے ساتھ نقل کی: ‘‘فَکَمِّلُوْا ثَلَاثِیْنَ‘‘ تو تیس کی گنتی پوری کرو، یہ متابعت قاصرہ ہے۔
اسی روایت کو امام مسلم نے بھی عبیداللہ بن عمر عن نافع عن ابن عمر کی سند سے لفظوں کے ساتھ بیان کیا ہے: ’’فَاقْدِرُوْا ثَلَاثِیْنَ‘‘ تیس دنوں کا اندازہ لگاؤ، نسائی میں اس کا شاہد محمد بن حنین عن عبداللہ بن عباس عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سند سے ابن دینار عن ابن عمر کی حدیث کی مثل ہے۔
المحکم و مختلف الحدیث
خبر محکم وہ مقبول حدیث ہے جو اپنی ہم مثل وہم پلہ روایت کے معارضہ (مخالفت) سے محفوظ ہو۔ اس پر لازمی عمل کرنا اس کا حکم ہے۔ اکثر احادیث اسی قسم کی ہیں۔
٭٭٭