کتاب: من اطیب المنح - صفحہ 35
محتف بالقرائن خبر واحد اور اس کی اقسام
بلاشبہ قرائن سے گھیری گئی خبر واحد راجح ہوتی ہے اس (خبر واحد) سے جو ان قرائن سے خالی ہو، اس کی کئی اقسام ہیں، ان میں سے چند حسب ذیل ہیں:
۱۔ وہ حدیث جسے شیخان یعنی بخاری و مسلم نے اپنی اپنی صحیح میں نقل کیا اور وہ حد تواتر کو نہ پہنچی ہو۔ پس بے شک اسے قرائن نے گھیرا ہے ان میں سے بخاری و مسلم کا اس فن (فن حدیث) میں بلند رتبہ ہونا اور صحیح کو ضعیف سے الگ کرنے میں ان دونوں کا دیگر محدثین پر ممتاز ہونا، نیز علماء کا ان کی دونوں کتابوں کو قبولیت کے ساتھ ملنا (ہی اس بات کی دلیل ہے کہ قرائن نے اسے گھیرا ہے [ابو سفیان] )۔
۲۔ ایسی خبر جس میں حفاظ، متقن امام مسلسل آرہے ہوں اور وہ حدیث غریب بھی نہ ہو۔ مثلاً ایک حدیث ہے جسے امام احمد نے امام شافعی سے روایت کیا اور منفرد بھی نہیں۔ اور امام شافعی اس حدیث کو امام مالک سے اور وہ امام نافع سے روایت کرتے ہیں۔
۳۔ وہ خبر مشہور جس کی مختلف سندیں ہوں اور تمام کی تمام رواۃ کے ضعف اور علتوں سے محفوظ ہوں۔ یہ ایسی اقسام ہیں ان کے متعلق علم حاصل نہیں ہوتا سوائے اس عالم کے جو علم حدیث میں متبحر اور رواۃ کے حالات و علتوں سے واقف ہو۔
٭٭٭