کتاب: من اطیب المنح - صفحہ 26
خبر آحاد کی تقسیم
مفردات باب
الالسنۃ: ....لسان کی جمع ہے بمعنی زبان۔
العجلۃ: ....عین اور جیم کے فتحہ کے ساتھ ہے بمعنی جلد بازی ہے۔ اسم مصدر باب عجل بروزن علم ہے ہفت اقسام سے صحیح ہے۔
الشیطان: ....باب نصر سے اسم مصدر ہے بمعنی گمراہ کن، شریر اور خبیث روح۔
٭٭....٭٭
خبر واحد کی تین اقسام ہیں: مشہور، عزیز اور غریب۔
خبر مشہور:
لغوی اعتبار سے وہ بات ہے جو زبانوں پر مشہور ہو جائے خواہ حقیقت میں وہ جھوٹ ہی ہو، جیسا کہ روایت ہے کہ: ’’وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘ یا جس طرح یہ حدیث کہ: ’’تمہارے روزے کا دن تمہاری قربانی کا دن ہے (یعنی جس دن پہلا روزہ ہوگا اسی دن عیدالاضحی کا پہلا دن آئے گا)۔
اصطلاحی لحاظ سے وہ روایت ہے جسے تین یا زیادہ راوی جو حدِ تواتر کو نہیں پہنچتے بیان کریں۔ اسے مشہور اس کی شہرت اور پھیلاؤ کی وجہ سے کہا گیا ہے۔
اصول حدیث کے بعض ماہرین نے اسے مستفیض کا نام بھی دیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ مستفیض زیادہ خاص ہے مشہور سے کیونکہ اس (مستفیض) میں سند کی دونوں اطراف کا تعداد کے اندر برابر ہونا شرط قرار دیا گیا ہے۔