کتاب: مفتاح النجاۃ - صفحہ 5
کتاب: مفتاح النجاۃ
مصنف: غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری
پبلیشر: مکتبہ دار السلف
ترجمہ:
عرض مؤلف
قرآن کریم کی بعض آیات اور سورتیں بعض دوسری آیات و سورتوں پر مقام و مرتبہ میں فضیلت رکھتی ہیں ۔ متکلم کے اعتبار سے تو سارا قرآن برابر ہے، کیونکہ سب آیات اور سورتیں ایک ہی متکلم (اللہ تعالیٰ) کا کلام ہیں ، مگر اپنے مدلولات اور موضوعات کے اعتبار سے فرق ہے، مثلاسورت اخلاص اللہ تعالیٰ کے اسما وصفات پر مشتمل ہے،یہ سورت لہب کی طرح نہیں ہو سکتی، کیوں کہ وہاں ابو لہب کا حال و انجام بیان ہوا ہے۔ اسی طرح انداز بیان کی قوت و تاثیر کے اعتبار سے بھی آیات وسور میں تفاوت ہے۔ بعض آیات چھوٹی ہوتی ہیں ، لیکن ان میں ترغیب و ترہیب کا گراں قدر سامان موجود ہوتا ہے۔
بعض آیات طویل ہوتی ہیں ، لیکن ان میں وہ قوت وتاثیر نہیں ہوتی، سورت بقرہ کی آیت دَین (نمبر : ۲۸۲)کی مثال لیجئے ۔ اس آیت میں لوگوں کے باہمی معاملات ڈسکس کئے گئے ہیں اور یقینا ان میں وہ تاثیر نہیں ہوگی جو سورت آل عمران کی آیت نمبر ۱۸۵ میں ہے۔کیوں کہ اس آیت مبارکہ میں انسانوں کووعظ و نصیحت کی گئی ہے اور ترغیب و ترہیب سے کام لیا گیا ہے،یہ چیز آیت دَین میں نہیں ہے، حالاں کہ آیت دَین اس سے لمبی ہے۔