کتاب: مسنون ذکر الٰہی، دعائیں - صفحہ 36
آج اس موضوع پر ہینڈبل، پمفلٹ، رسالہ، پاکٹ بک، کتابچہ اور کتاب گویا ہر سائز میں اتنا مواد موجود ہے کہ کسی کے بس میں نہیں کہ ان میں سے صحیح کتاب کا انتخاب کر سکے۔ یہاں تک کہ بعض تو ایسے ہیں، جن میں مسنونہ و ماثورہ ادعیہ و اذکار کم اور جعل سازی کے شاہکار زیادہ ہیں، مگر ایسے اوراد و وظائف کے ساتھ ایسی داستانیں اور اسناد وابستہ کر دی گئی ہیں کہ کِسی ’’عقیدت مند‘‘ کو اس کے خود ساختہ، من گھڑت، موضوع اور جعلی ہونے کا کہو تو ممکن ہے کہ وہ اسی وقت آپ کے لیے اپنی آستینیں چڑھا لے۔ درودِ تاج، درودِ ہزارہ، درودِ لکھی، نادِ علی، لی خمسہ، شش ہیکل، گنج العرش اور عہد نامہ جیسے لاتعداد اوراد و اذکار جو نہ صرف نظر ثانی کے محتاج، بلکہ محض محلِ نظرہی نہیں بعض تو مشرکانہ بھی ہیں۔ اِن کے علاوہ جن کتب میں اس موضوع کے تحت احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اہمیت دی گئی ہے۔بدقسمتی سے ان احادیث کی صحت و عِلّت پر خصوصی توجہ نہیں دی گئی، بلکہ رطب و یابس جمع کردیا ہے جن میں سے بعض میں تو موضوع احادیث تک بھی موجود ہیں۔