کتاب: مسنون ذکر الٰہی، دعائیں - صفحہ 217
یہاں تک کہ ہاتھ دیکھتے، مستقبل کا حال بتاتے اور قسمت بیان کرتے انھیں بے خود کر دیتی ہیں اور خود ہاتھ کی صفائی، چالاکی اور عیاری و مکاری سے کئی گھروں پر ہاتھ صاف کر جاتی ہیں۔ ایسے واقعات سُننے میں آتے ہی رہتے ہیں کہ فلاں جگہ مذکورہ طریقہ سے چوری ہوگئی۔ بھلا ان اوچھے ہتھکنڈوں اور عیارانہ چالوں کا ’’فال‘‘ سے کیا تعلق ہے؟ درحقیقت یہ شاطر، گھاگ اور مکار عناصر کی سازش ہے کہ دینی و دنیوی اعتبار سے غلط باتوں کو جاذب و دلکش نام دے کر اپنی دکان داریاں چمکا رکھی ہیں اور سادہ لوح مسلمانوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ مسلمانوں کو ان سب لوگوں سے بچنا چاہیے، کیونکہ یہ سب فتنہ پردازیاں ہیں اور ان میں متاعِ دنیا اور دولتِ دین و ایمان ہر دو کا نقصان ہے۔ وَاللّٰہُ الْمُوَفِّقُ وَالْمُسْتَعَانُ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہٖ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ۔ ابو عدنان