کتاب: مسنون ذکر الٰہی، دعائیں - صفحہ 106
مقامِ محمود پر سرفراز فرما، جس کا تو نے وعدہ کیا ہے۔‘‘ 59۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے کہا: یا رسول اللہ! اذان دینے والے ہم پر فضیلت لے جائیں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم بھی اُسی طرح کہو، جس طرح وہ کہتے ہیں اور جب تو ساتھ ساتھ اذان مکمّل کرلے تو اللہ سے مانگ، جو مانگے گا تجھے وہ ملے گا۔‘‘ [1] وقتِ قبولیتِ دُعا: 60۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے: ’’اذان اور اقامت کے درمیان کوئی دعا ردّ نہیں کی جاتی۔‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے پوچھا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم کیا کہا کریں؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ سے دنیا و آخرت میں عافیت طلب کیا کرو۔‘‘ [2]
[1] سنن أبي داود، رقم الحدیث (۵۲۴) [2] سنن ابن ماجہ، رقم الحدیث (۳۸۴۸) سنن الترمذي، رقم الحدیث (۳۵۹۴) حدیثٌ حسنٌ صحیحٌ۔