کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 60
احکام و مسائل کا بیان
نماز کی شروط کا بیان
1. پہلی شرط، طہارت : نماز کے احکام و مسائل میں سب سے پہلے وہ چند شرائط ہیں ، جن کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔ اور ان شروط میں سے ایک شرط طہارت ہے جس کا مطلب صفائی اور پاکیزگی ہے۔ اس کی اسلام میں بڑی فضیلت اور تاکید بیان کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں یہ شرط ایسی ہے کہ اس کے بغیر نماز جائز نہیں ۔ نماز کے لیے طہارت کا مطلب، ظاہری اور حکمی نجاست سے پاک ہونا ہے۔
ظاہری نجاست سے پاک ہونے کا مطلب ہے کہ کپڑے صاف سُتھرے ہوں اور ان پر کوئی نجاست لگی ہوئی نہ ہو، یعنی ان پر پیشاب کے چھینٹے ہوں نہ حیض و نفاس کا خون اور نہ منی کے قطرے۔ اگر کپڑے پر ان میں سے کوئی چیز لگی ہو تو اس حصے کا دھو لینا کافی ہے جس پر مذکورہ گندگی لگی ہوئی ہے، سارے کپڑے تبدیل کرنے ضروری نہیں ۔ جیسے خون یا منی والا حصہ دھو لیا جائے۔ اگر پیشاب کے چھینٹے واضح نہ ہوں تو پھر کپڑے تبدیل کر لیے جائیں ۔[1]
[1] شیر خوار بچے کے پیشاب کا مسئلہ: البتہ شیر خوار (دودھ پینے والا) بچہ کپڑوں پر پیشاب کر دے تو وہ اگر لڑکا ہے تو کپڑوں پر چھینٹے مار لینا کافی ہے، اگر وہ لڑکی ہے تو پھر پیشاب کا دھونا ضروری ہے۔ بچے، بچی کے پیشاب کا یہ فرق حدیث سے ثابت ہے۔ملاحظہ ہو: صحیح البخاري، الوضوء، باب بول الصبیان، حدیث: 223، وصحیح مسلم، الطہارۃ، باب حکم بول الطفل الرضیع…، حدیث: 286، وسنن أبي داود: حدیث: 375، وسنن ابن ماجہ، حدیث: 522۔