کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 310
اسلامی تعلیمات کی اساس عقائدو عبادات ہیں۔ عقائد کی پختگی اور عبادات کے ذوق و شوق سے اسلامی سیرت پیدا ہوتی ہے۔ تمام عبادات اپنے اپنے مقام پر ایمانی جلا اور تعلق باللہ کی استواری اور پائیداری کا باعث ہیں مگر ان میں سے نماز کو دین کا ستون اور آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں مسلمانوں کی زندگی کی ہمہ نوع اور تمام تر کامیابیوں کی اساس نماز کو قرار دیا گیا ہے۔ یہ نصرت الٰہی کے حصول کا مؤثر ترین ذریعہ ہے مگر افسوس صد افسوس کہ مسلمان کہلانے والوں کی ایک کثیر تعداد نماز سے میسر آنے والی نعمتوں سے محروم زندگی گزار رہی ہے اور جن کو حق تعالیٰ نے نماز ادا کرنے کی توفیق دی ہے، ان کی ایک خاص تعداد اسے مسنون طور پر ادا کرنے سے بوجوہ قاصر ہے۔ نماز کی اسی اہمیت و فضیلت کے پیش نظر فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے مسنون نماز کی یہ کتاب آسان اسلوب میں ترتیب دی ہے جس کی سب سے بڑی خوبی اس کا صحیح احادیث سے استدلال ہے۔ اس میں قارئین کی سہولت کے لیے تمام ضروری مسائل کو اختصار سے دو ٹوک انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں طہارت، وضو، اذکارِ مسنونہ اور مختلف مواقع کی مسنون دعاؤں کی شمولیت سے یہ کتاب نماز کے آداب و مسائل کا مختصر انسائیکلو پیڈیا بن گئی ہے۔ راست رَو اور حقیقت شناس حضرات اس کے مطالعہ اور اس پر عمل سے ان شاء اللہ ذوق عبادت کا لطف و سرور حاصل کریں گے۔ اس کتاب کی پیش کش میں حسن کتابت اور اعلیٰ ذوق طباعت نے دارالسلام کی مطبوعات میں ایک عمدہ روایت کا اضافہ کیا ہے۔