کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 277
بابِ ہفتم نماز کے وہ مسائل جو عورتوں کے ساتھ مخصوص ہیں گزشتہ صفحات میں نماز کے عمومی احکام بیان ہوئے ہیں جن میں مرد اور عورت دونوں شامل ہیں ، یعنی دونوں کے لیے یکساں طور پر ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اب ان مسائل کا ذکر کیا جاتا ہے جن میں عورتوں کو مردوں سے کچھ الگ احکام دیے گئے ہیں ۔ عورتوں کے لیے مساجد میں جانے کی رخصت و اجازت ان میں ایک مسئلہ عورتوں کا مسجدوں میں جاکر نماز پڑھنے کا ہے۔ مردوں کو اس امر کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ سوائے عذر شرعی کے، ہر فرض نماز مسجد میں باجماعت ادا کریں لیکن عورتوں کے لیے یہ حکم نہیں ہے۔ ان کے لیے گھر میں نماز پڑھنے کو مسجد میں نماز پڑھنے سے افضل قرار دیا گیا ہے، تاہم اگر عورتیں مسجد میں جاکر باجماعت نماز ادا کرنا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت ہے اور انہیں اس سے روکنے سے منع کیا گیا ہے۔ لیکن یہ اجازت اس بات کے ساتھ مشروط ہے کہ وہ اُن آداب و شرائط کو ملحوظ رکھیں جو اسلام نے عورتوں کے گھروں سے باہر نکلنے کے لیے بیان کی ہیں ، مثلاً: ٭ وہ ساتر لباس میں باہر نکلیں ، یعنی اس طرح باپردہ نکلیں کہ ان کے جسم کا کوئی حصہ ننگا نہ ہو، چہرہ نہ بازو، نہ کوئی اور اہم پُرکشش حصہ۔ ٭ خوشبو میں معطّر ہو کر نہ نکلیں ۔ فرمان رسول ہے۔