کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 177
موقعے پر پڑھنا نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ فرائض کی رکعات کا بیان نماز پنجگانہ کے فرائض تعداد میں 17 ہیں : ٭ فجر : دو فرض ٭ ظہر : چار فرض ٭ عصر : چار فرض ٭ مغرب : تین فرض ٭ عشاء : چار فرض پانچوں وقت کی نمازوں کی یہ تعدادِ رکعات وہ ہے جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے ثابت ہے۔ سنتوں کا بیان ہر فرض نماز کے ساتھ، اِس نماز سے پہلے یا بعد دونوں موقعوں پر، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور نوافل بھی کچھ رکعتیں پڑھی ہیں ۔ ان کو سنتیں کہا جاتا ہے۔ ان کی دو قسمیں ہیں : ایک سنن مُؤکدہ اور دوسری سنن غیر مؤکدہ۔ ان کر راتبہ اور غیر راتبہ بھی کہا جاتا ہے۔ مؤکدہ سنتیں : سنن مؤکدہ وہ ہیں جنھیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی اہتمام اور نہایت پابندی سے ادا فرمایا۔ ان کی تعداد بارہ ہے، جو حسب ذیل ہے۔ ٭ فجر کی دو سنتیں : ان کو پڑھ کر دائیں کروٹ پر لیٹنا بھی مستحب ہے۔[1] علاوہ ازیں ان کی فضیلت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’ دُنیا اور جو کچھ اس میں ہے، یہ دو رکعتیں ان سب سے بہتر ہیں ۔‘‘[2] اسی لیے علماء سفر میں بھی ان کے پڑھنے کی تاکید کرتے ہیں ۔ خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی سفر میں بھی ان کے پڑھنے کا اہتمام کیا ہے۔[3]
[1] صحیح البخاري، التہجد، باب الضجعۃ علی الشق الأیمن بعد رکعتی الفجر، حدیث: 1160، وصحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، باب صلاۃ اللیل …،حدیث: 743، وجامع الترمذي، الصلاۃ، باب ماجاء فی الاضطجاع بعد رکعتی الفجر، حدیث: 420۔ [2] صحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، باب استحباب رکعتی سنۃ الفجر…، حدیث: 725۔ [3] صحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، باب قضاء الصلاۃ الفائتۃ…، حدیث: 681۔