کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 17
نماز کی فرضیت و اہمیت نماز، اسلام کا ایک ایسا حکم ہے جس کی فرضیت و اہمیت سے کسی کو انکار نہیں کیونکہ قرآن کریم اور احادیث میں اس کی بڑی تاکید بیان کی گئی ہے، مثلاً: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ٭ ﴿كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا﴾ ’’بے شک نماز مومنوں پر وقت پر پڑھنا فرض ہے۔‘‘[1] ٭ نماز کی اہمیت اور اس کو بروقت پڑھنے کی تاکید، اس سے بھی واضح ہے کہ عین جنگ کی حالت میں جبکہ معرکہ آرائی کے لیے صفیں ایک دوسرے کے سامنے کھڑی ہوں ، اگر نماز کا وقت ہوجائے تو وہیں میدانِ جنگ میں نماز پڑھنے کا حکم ہے، اسے مؤخر کرنے یا چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے اور اس کی صورت یہ بتائی گئی ہے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمل بھی کرکے دکھایا کہ فوجوں کو دو حصو ں میں تقسیم کردیا جائے، ایک حصہ دشمن کے سامنے صف آرا رہے تاکہ دشمن مسلمانوں کو مصروفِ عبادت سمجھتے ہوئے حملہ نہ کردے۔ اور دوسرا حصہ امام کے ساتھ نماز میں شریک ہوجائے اور جب یہ نماز پڑھ لے تو یہ دشمن کے سامنے صف آرا ہوجائے اور وہ گروہ آکر امام کے ساتھ نماز پڑھ لے جو دشمن کے سامنے صف آرا تھا، اس کی احادیث میں مختلف صورتیں بیان کی گئی ہیں ، یعنی نماز بھی فرداً فرداً نہیں پڑھنی بلکہ اس حالت میں بھی جماعت کے ساتھ پڑھنی ہے اور مؤخر بھی نہیں کرنی بلکہ بروقت پڑھنی ہے۔
[1] النساء 103:4