کتاب: مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں - صفحہ 160
تیسری رکعت کے لیے کھڑے ہوں تو پھر پہلی رکعت کی طرح رفع الیدین کریں اور پھر ہاتھ باندھیں ۔ تیسری رکعت پوری کر کے، پھر جلسۂ استراحت کریں اور پھر چوتھی رکعت کے لیے کھڑے ہوں اور چوتھی رکعت میں تشہد بیٹھیں اور نمازِ مغرب ہو تو تیسری رکعت کے بعد ہی آخری تشہد بیٹھ جائیں ۔[1]
تشہد کا بیان
عام طور پر دو رکعت والی نماز میں ایک تشہد اور تین اور چار رکعت والی نماز میں سوائے وتر کی نماز کے دو تشہد ہوتے ہیں ۔ دونوں کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:
تشہد کی دعائیں : پہلے اور دوسرے دونوں تشہد میں التحیات اور درو د شریف پڑھیں : یعنی پہلے تشہد میں بھی درد شریف پڑھنا مستحب عمل ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز تہجد میں 9 رکعات وتر پڑھے، آٹھویں رکعت میں تشہد کیا اور اس میں درود شریف پڑھا (سنن النسائي)
قرآن کے عمومی حکم صَلُّوا عَلَیْہِ وَ سَلِّمُوا اور آپ کے خصوصی عمل کی وجہ سے پہلے تشہد میں بھی درود کا پڑھنا جائز ہی نہیں ، مستحب عمل ہے۔
٭ تشہدمیں مرد اور عورت دونوں کے لیے بیٹھنے کا ایک ہی طریقہ ہے۔ جو آگے آرہا ہے۔
[1] صحیح البخاري، الأذان، باب من استوی قاعدًا فی وترٍ…، حدیث:824,823، وسنن أبي داود، الصلاۃ، باب افتتاح الصلاۃ، حدیث:730، نیز دیکھیں جامع الترمذي، حدیث:804، و سنن ابن ماجہ، حدیث:1061۔