کتاب: مسئلہ تکفیر اور اس کے اصول و ضوابط - صفحہ 29
فی الوقت اس کتاب کا ایک باب طبع کیا جا رہا ہے جو کہ درج ذیل امور پر محیط ہے: کفر کے معانی، اس کی اقسام، لفظ کفر کے اطلاقات یعنی لفظ کفر کبھی ایسے امور پر بولا جاتا ہے جو کفر اکبر شمار ہوتے ہیں اور ان کے ارتکاب سے انسان ملت اسلامیہ سے خارج ہو جاتا ہے اور کبھی اس کا اطلاق کفر اصغر پر ہوتا ہے جس کا مرتکب کافر نہیں ہوتا بلکہ ناقص الایمان گناہ گار مسلمان ہوتا ہے اسی طرح لفظ کفر پر کبھی ظلم، شرک اور فسق کا اطلاق کیا جاتا ہے اور ہر جگہ ایک متعین معنی مراد نہیں لیا جاتا۔ پھر کفر کے بعض نتائج و عواقب کا اختصارًا قرآنی آیات کی رُو سے ذکر کیا گیا ہے اس کے بعد کفار کی بعض صفات کا تذکرہ کیا گیا ہے تاکہ ایک مسلمان اپنے اندر ایسی صفات پیدا کرنے سے مکمل اجتناب کرے پھر کفر کی مختلف صورتیں جو ارتداد، شرک، اللہ کی راہ سے روکنا، اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور مومنین سے دشمنی پر مبنی ہیں ان کا اختصار سے بیان ہے۔ اسی طرح کسی مسلمان کو کافر قرار دینے سے قبل جن اصول و ضوابط کو مدنظر رکھنا ازحد ضروری ہے ان کو کتاب و سنت کی نصوص اور ائمہ دین کی عبارات سے تفصیلاً بیان کیا گیا ہے، تاکہ ہر مسلمان اچھی طرح جان لے کہ کسی مسلم کو کافر قرار دینے میں جلد بازی سے کام لینا کس قدر خطرناک ہے اور اس کام سے علمائے کرام کس قدر محتاط ہوتے ہیں اور فتوی دینے میں کتنی احتیاط ملحوظ خاطر رکھتے ہیں اور مسند افتاء پر فائز ہونا کس و ناکس کا کام نہیں ہے۔ اس کتاب میں ذکر کردہ تمام حوالہ جات اصل کتب سے مراجعت کے بعد درج کیے گئے ہیں اور بعض ابحاث میں جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ کے کلیۃ الدعوۃ و اصول الدین میں قسم العقیدہ کے استاذ ابراہیم بن عامر الرحیلی حفظہ اللہ کی کتاب ’’التکفیر و ضوابطہ‘‘ سے کافی معاونت لی گئی ہے، اللہ تعالیٰ شیخ ابراہیم بن عامر الرحیلی کو جزائے خیر سے نوازے انہوں نے تکفیر کے موضوع پر بڑی محنت سے کام کیا۔ ’’مرجئۃ العصر‘‘ پر ہمارا مفصل کام اللہ کی توفیق سے جاری ہے اور جوں ہی اس کی تکمیل ہو گی وہ ہدیہ قارئین کر دیا جائے گا۔ اس کام کی تاخیر پر میں اپنے کارکنان سے معذرت خواہ ہوں۔ اصل میں اس کے اسباب مختلف ہیں جن میں سب سے مقدم راقم کی بیماری اور ضعف ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ مجھ سمیت تمام مسلمانوں کو شفائے کاملہ عاجلہ نصیب فرمائے جو کسی بھی مرض میں مبتلا ہیں۔ اس کتاب کی تیاری میں میرے ساتھ میرے زملاء خصوصاً ابو درداء سعید الرحمن اور ابو اسامہ عبدالمعینf نے جو خدمات جلیلہ سرانجام دی ہیں وہ شکریہ کے مستحق ہیں۔ عبدالمعید بھائی نے تو کتب نکالنے اور اس باب کی کمپوزنگ کرنے میں نہ دن دیکھے اور نہ رات، ہر فرصت کی گھڑی میں میرے ساتھ