کتاب: مسئلہ تکفیر اور اس کے اصول و ضوابط - صفحہ 22
استفسار از…. ابو الحسن مبشر احمد ربانی بطرف محترم المقام فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہما اللّٰہ تعالٰی وصانہما من کل تلہف و تاسف۔ السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ! گزارش ہے کہ ایک سازش کے تحت اہل الحدیث علماء و طلباء اور مدارس میں ایک کتاب پوسٹ کی گئی ہے جس کا نام ’’مرجئۃ العصر‘‘ رکھا گیا اور مؤلف اس کا مجہول شخص ہے اس میں ص 76 پر ایک سرخی ’’اکثر پاکستانی علماء کی نظر میں موجودہ حکمران مرتد‘‘ قائم کر کے آپ کے بارے لکھا ہے کہ ’’اسی طرح ممتاز اہل حدیث عالم مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ مدیر شعبہ تحقیق و تصنیف دار السلام لاہور بھی موجودہ حکمرانوں کو مرتد قرار دیتے ہیں۔‘‘ پھر حاشیہ میں ’’ریاض الصالحین، اردو‘‘ (2/513) طبع دار السلام جدید ایڈیشن کا حوالہ دیا ہے۔ شیخ محترم! (1)… کیا آپ کے نزدیک واقعتا پاکستان اور دیگر بلاد اسلامیہ کے حکمران مرتد اور کفار ہیں۔ (2)… کیا آپ ان کو مرتد و کفار سمجھ کر ان کے قتل کے قائل ہیں؟ (3)… اور جو علماء ان کو گناہ گار مسلمان قرار دیتے ہیں اور فاسق و فاجر سمجھتے ہیں لیکن کافر قرار نہیں دیتے ان کے متعلق آپ کا نقطہ نظر کیا ہے؟ جن لوگوں کی طرف سے کتاب شائع کی گئی ہے وہ پہلے ان کے کافر ہونے کا فتویٰ اری کرتے ہیں پھر ملک میں دھماکے اور قتل و غارت گری کرتے اور مسلمانوں کے اموال اور ان کی عزتوں کو حلال قرار دیتے ہیں۔ امید واثق ہے آپ اس کا تفصیلی جواب مرتب کر کے امت کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت و صیانت فرمائے اور اپنے محبوب بندوں میں شمار کرے۔ آمین محبکم و أخوکم مبشر احمد ربانی عفا اللہ عنہ 25 رجب 1436ھ بمطابق 15 مئی 2015م …………………