کتاب: مسئلہ تکفیر اور اس کے اصول و ضوابط - صفحہ 11
حامداً و مصلّیاً و مسلّماً
عصر حاضر کے فتن میں سے تکفیر و تفجیر ایک اندوھناک اور وحشت ناک فتنہ ہے۔ جس کی لپیٹ میں تقریباً تمام بلادِ اسلامیہ آچکے ہیں۔ یہود و ہنود اپنی مکاری کو بروئے کار لاتے ہوئے سیدھے سادے مسلمانوں کو اپنے دام تزویر میں پھانس کر ان سے قتل و غارت گری اور لوٹ مار کا کام لے رہے ہیں۔ ہم نے کئی سال قبل اس فتنے کو بھانپتے ہوئے اس پر کام کیا اور ملک کے طول و عرض میں جا جا کر سوئی ہوئی مسلمان قوم کو بروقت آگاہ کیا ، پھر ایک دعوتی اور فکری کتاب مرتب کی جس میں تکفیر اور اس کے اصول و ضوابط کو اختصاراً مدون کیا اور اسے دار الاندلس سے طبع کیا گیا ۔ لیکن افسوس! طباعت کے مراحل سے کتاب گزر تو گئی لیکن نہ اس کی کامل فہرست بنائی گئی اور نہ ہی پروف ریڈنگ پر کوئی خاص محنت کی گئی۔ اب دوبارہ اس کتاب کو میں فضیلۃ الشیخ ابو یحییٰ محمد زکریا زاہد حفظہ اللہ ، مدیر ’’دار المعرفہ‘‘ کے حوالے کر رہا ہوں۔ان کے ادارہ کی تمام کتب محترم المقام بھائی عبدالرؤف طبع کرتے ہیں جن کی محنت ہائے شاقہ سے کئی علمی کتب زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر منصہ شہود پر جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ امید واثق ہے کہ وہ اس کتاب کے موضوع کی اہمیت کی طرح اس کی طباعت کی خدمت کا صحیح حق ادا کریں گے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان کے اس مبارک عمل میں برکات کثیرہ عطا فرمائے اور ہر قسم کی مشکلات و آفات سے محفوظ رکھے او راس کتاب کو میرے لیے ، اس کے ناشر، قاری اور معاون کے لیے نجات کا وسیلہ و کفیلہ بنائے اور اس فتنے کی تباہیوں سے ہر مسلم کو محفوظ فرمائے۔آمین
اخوکم فی اللّٰہ خادم العلم واھلہ
ابو الحسن مبشر احمد ربانی عفا اللہ عنہ
رئیس مرکز الحسن
882/P سبزاہ زار، لاہور
21 مئی 2016
13 شعبان المعظم 1437ھ