کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 69
بہ آواز بلند لاالہ الا اللہ کا ورد یا صلاۃ و سلام کا پڑھنا اور اس طرح کے دیگربہت سے کام، جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول نہیں، کرنا۔ یہ سب خلافِ سنت ہوں گے کیونکہ ان کو مستحب یا ضروری قرار دینا ایسا ہی ہے جیسے آپ سے منقول مسنون کاموں کے چھوڑنے کو مستحب یا ضروری قرار دینا۔ ان دونوں باتوں میں فرق نہیں۔ اس لیے مسنون اور مستحب کام صرف وہ ہوں گے جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے قول یا فعل یا تقریر سے ثابت ہوں گے۔ کمال اتباعِ سنت یہی ہے کہ جو آپ سے منقول ہے، اس کو کیا جائے، جو منقول نہیں ہے اس کو نہ کیاجائے، چاہے اہل بدعت نے اس پر کیسا ہی خوش نما لیبل یا حسین غلاف چڑھا دیا ہو۔ اس سنت ترکیہ کے اصول کو مانے بغیر بدعت کا دروازہ بند نہیں ہو سکتا۔