کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 351
والے کام‘‘ مطبوعہ دارالسلام۔ (5) رمضان المبارک اور عمرہ عمرہ کرنے کی سعادت سال کے بارہ مہینوں میں حاصل کی جاسکتی ہے لیکن حج صرف ذوالحجہ کے مہینے ہی میں ادا کیا جاسکتا ہے، اس لیے آدمی جب چاہے عمرہ کر سکتا ہے لیکن رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کرنا حج کے اجروثواب کے برابر ہے۔ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک انصاری عورت سے فرمایا: ’مَا مَنَعَکِ أَنْ تَحُجِّي مَعَنَا؟ قَالَتْ: کَانَ لَنَا نَاضِحٌ فَرَکِبَہٗ أَبُو فُلَانٍ وَابْنُہٗ، لِزَوْجِہَا وَابْنِہَا وَتَرَکَ نَاضِحًا نَنْضَحُ عَلَیْہِ، قَالَ: فَإِذَا کَانَ رَمَضَانُ اعْتَمِرِي فِیہِ، فَإِنَّ عُمْرَۃً فِي رَمَضَانَ حَجَّۃٌ‘ ’’ہمارے ساتھ حج کرنے سے تجھے کون سی چیز مانع ہے؟‘‘ اس نے کہا: ہمارے پاس پانی لانے والا ایک اونٹ تھا، اس پر فلاں کا باپ اور اس کا بیٹا، یعنی میرا خاوند اور بیٹا حج کرنے چلے گئے ہیں اور ایک اونٹ چھوڑ گئے ہیں جس پر ہم پانی لاد کر لاتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب رمضان المبارک ہو تو عمرہ کر لینا اس لیے کہ رمضان میں عمرہ کرنا (ثواب کے اعتبار سے) حج کے برابر ہے۔‘‘[1] اور ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں: ’فَإِنَّ عُمْرَۃً فِي رَمَضَانَ تَقْضِي حَجَّۃً أَوْحَجَّۃً مَعِيَ‘
[1] صحیح البخاري، العمرۃ، باب عمرۃ في رمضان، حدیث: 1782۔