کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 317
شعبان شعبان اسلامی سال کا آٹھواں مہینہ ہے، جو رجب کے بعد اور رمضان المبارک سے پہلے آتا ہے۔ وجۂ تسمیہ اس کا مادہ شَعب ہے جس کے معنی جدا جدا ہونے کے ہیں۔ عرب اس مہینے میں پانی کی تلاش میں متفرق طورپر پھیل جاتے تھے، اس لیے اس مہینے کا نام شعبان پڑ گیا۔ سُمِّيَ بِذٰلِکَ لِتَشَعُّبِ الْعَرَبِ فِیہِ أَيْ تَفَرُّقِہِمْ فِي طَلَبِ الْمِیَاہِ‘ (المنجد) فضیلت ماہِ شعبان شعبان وہ مبارک مہینہ ہے جس میں نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے علاوہ تقریباً پورے مہینے کے روزے رکھتے تھے۔ صرف آخر میں دو ایک روزے ترک فرمایا کرتے تھے۔ اس سلسلے میں متعدد حدیثیں آتی ہیں جن میں صوم شعبان کی فضیلت اور نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بالخصوص اس ماہ میں بکثرت روزے رکھنے کا بیان ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم روزے رکھتے تھے یہاں تک کہ ہم کہتے کہ آپ روزے نہیں چھوڑتے، پھر روزے چھوڑتے یہاں تک کہ ہم کہتے کہ