کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 281
جمادی الأُولی اور جمادی الثانیہ اسلامی سال کا پانچواں اور چھٹا مہینہ جمادی الاولیٰ اور جمادی الاخریٰ ہیں۔ وجۂ تسمیہ جُمَادیٰ، بروزنِ مُنَادیٰ، جمود سے ہے جس کے معنی جمنے کے ہیں۔ جس زمانے میں، ان مہینوں کے یہ نام پڑے، اس زمانے میں ان مہینوں میں سردی کی شدت کی وجہ سے پانی جم جاتا تھا، اس لیے ان دونوں مہینوں کا نام جُمادیٰ قرارپاگیا اورانھیں اَلْأُولٰی اور اَلْأُخْرٰی یا اَلثَّانِیَۃ کے ساتھ ایک دوسرے سے ممتاز کردیا گیا۔ جُمادیٰ، مؤنث ہے، اس لیے دونوں کی صفت اَلْأُوْلٰی اور اَلْأُخْرٰی یا اَلثَّانِیَۃ ہوگی۔ اَلْأُخْرٰی اور اَلثَّانِیَۃ، دونوں کے معنی ہیں: دوسرا، اس لیے جمادی الاخریٰ یا جمادی الثانیہ، دونوں طرح صحیح ہے، اس لیے کہ دونوں ہم معنی ہیں۔ انھیں اہل اردو جمادی الاول اور جمادی الثانی لکھتے اور بولتے ہیں جو غلط ہے کیونکہ یہ عربی قواعد کے خلاف ہے، یہ موصوف صفت ہیں، ان میں مطابقت ضروری ہے۔ بنا بریں اس غلطی کی تصحیح ضروری ہے۔ اور وہ تصحیح یہی ہے کہ انھیں جُمادَی الْأُوْلٰی اور جُمادَی الْأُخْریٰ یا جُمادَی الثانیۃ لکھا اور بولا جائے۔