کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 25
بہر حال بات ہو رہی تھی بارہ قمری مہینوں کی جو اللہ نے مقرر فرمائے ہیں اور وہ حسب ذیل ہیں:
محرم، صفر، ربیع الاول، ربیع الثانی، جمادی الاولیٰ، جمادی الأخریٰ، رجب، شعبان، رمضان، شوال، ذوالقعدہ، ذوالحجہ۔
ان بارہ مہینوں میں سے بعض مہینوں کی بابت احادیث میں کچھ اعمال بتلائے گئے ہیں اور ان کے فضائل بیان کیے گئے ہیں۔ اسی طرح بعض مہینوں میں بعض بدعات و رسومات رائج ہیں جن کی دین سے ناآشنا عوام و خواص میں بڑی اہمیت ہے اور ان پر نہایت سختی سے عمل کیا جاتا ہے، حالانکہ دین سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
زیر نظر کتاب کاموضوع یہی بارہ قمری (اسلامی) مہینے ہیں، ان کی بابت جو فضائل صحیح احادیث سے ثابت ہیں، وہ اس میں بیان کیے گئے ہیں اور جو من گھڑت فضائل موضوع اورمنکر روایات کی بنیاد پر بیان کیے جاتے ہیں، ان کی وضاحت ہے۔ علاوہ ازیں جو بدعات رائج ہیں، ان کی تردید کی گئی ہے اور ان بدعات کے جواز میں اہلِ بدعت کی طرف سے جو تاویلات پیش کی جاتی اور جو دلائل تراشے جاتے ہیں، ان کے نہایت معقول، مدلل اور مُسْکِت جواب دیے گئے ہیں۔
شروع میں بدعت کی حقیقت اور اس کی خطرناکیوں کا بیان ہے، نیز بدعات کو مستحسن اور جائز قرار دینے والوں کے مغالطات و شبہات کا ازالہ ہے۔
جو شخص بھی تلاشِ حق کے جذبۂ صادقہ کے ساتھ اس کتاب کا مطالعہ کرے گا، اللہ تعالیٰ اس کی ضرور مدد اور اس کی صراطِ مستقیم کی طرف رہنمائی فرمائے گا۔ شرط یہی ہے کہ اس کے اندر تلاشِ حق کی جستجو، طلبِ ہدایت کی آرزو اور راہِ حق کو اختیار کرنے کی تڑپ ہو۔ وَمَا ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ بِعَزِیزٍ ۔