کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 249
’فَضْلُ اللّٰہِ: الْقُرْآنُ، وَرَحْمَتُہُ: الإِْسْلاَمُ‘ ’’اللہ کا فضل قرآن اور اس کی رحمت اسلام ہے۔‘‘ اسی طرح حسن بصری، ضحاک، مجاہد اور قتادہ رحمۃ اللہ علیہم کہتے ہیں: ’فَضْلُ اللّٰہِ: الإِْیمَانُ، وَرَحْمَتُہُ: الْقُرْآنُ‘ ’’اللہ کا فضل ایمان اور اس کی رحمت قرآن ہے۔‘‘[1] اسی طرح امام ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے قرآن مجید ہی کی دوسری آیات سے ثابت کیا ہے کہ قرآن ہی کو اللہ نے لوگوں کے لیے اپنی رحمت قرار دیا ہے۔[2] (4) اسی طرح مندرجہ ذیل حدیث سے بھی استدلال کیا جاتا ہے۔ انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ’أَنَّ النَّبِيَّ صلي اللّٰه عليه وسلم عَقَّ عَنْ نَّفْسِہٖ بَعْدَ النُّبُوَّۃِ‘ ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کے بعد اپنا عقیقہ کیا۔‘‘[3] نبی ٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا عقیقہ آپ کے دادا عبدالمطلب نے ساتویں دن کیا تھا۔ عقیقہ دوسری مرتبہ نہیں کیا جا سکتا۔ نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی ولادت کی خوشی منانے اور امت کو تعلیم دینے کے لیے ایسا کیا۔ ہمیں بھی اس سنت پر عمل کرتے ہوئے اس عظیم نعمت کے شکرانے کے طور پر اجتماعات منعقد کرنے اور انواع و اقسام کے کھانوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔
[1] الجامع لأحکام القرآن: 11,10/11۔ [2] تفسیر ابن کثیر: 553/2۔ [3] السنن الکبریٰ للبیہقي، حدیث: 19813، و مجمع الزوائد، حدیث: 6203۔