کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 22
یہ کتاب ہماری دینی اور تہذیبی زندگی کی معلم ہے۔ اس کی تعلیمات کو اپنے فکر، عزم اور عمل میں پوری طرح چمکا لیجیے۔ اس طرح آپ دنیا میں بھی کامیاب اورآخرت میں بھی سرفرازرہیں گے۔
اس کتاب کے مؤلف معروف مفسر اور قلم کار حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ ہیں۔ اس کتاب کی تحقیق و تخریج حافظ آصف اقبال، مولانا عثمان منیب اور قاری خبیب نے نہایت باریک بینی اور دیانتداری سے کی ہے۔ اسلوب تحقیق و تخریج مختصراً یہ ہے کہ جو روایات ضعیف تھیں ان پر ضعف کا حکم لگادیا ہے اور جو روایات کتب احادیث وغیرہ میں نہیں مل سکیں ان پر ’’لم أجدہ‘‘ سے صراحت کر دی ہے اور جو روایات صحیح یا حسن درجے کی ہیں ان کا صرف حوالہ دے دیا ہے، نیز حافظ آصف اقبال اور مولانا عثمان منیب نے اس کتاب کا حتمی جائزہ لیا، جابجا جہاں ضرورت محسوس کی تصحیح و ترمیم فرمائی اور حسب ضرورت حک و اضافہ کرکے اس کتاب کی افادیت اور قدروقیمت میں بدرجہا اضافہ کردیا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام حضرات کی محنت کو قبول فرمائے۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت اس کتاب کو بدعات و حرافات اور رسوم و رواج کی جگہ دینی اقدار کے فروغ کا باعث بنائے۔ آمین یا رب العالمین!
خادم کتاب و سنت
عبدالمالک مجاہد
دسمبر 2010
منیجنگ ڈائریکٹر: دارالسلام۔ الریاض، لاہور