کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 209
(2) جس نے عاشورا کا روزہ رکھا اسے اللہ نے دس ہزار فرشتوں کی عبادت کا ثواب دیا۔ (3) جس نے عاشورا کا روزہ رکھا اسے اللہ نے ہزار حاجیوں اور عمرہ کرنے والوں کا ثواب دیا۔ (4) عاشورا کا روزہ رکھنے والے کو اللہ دس ہزار شہیدوں کا ثواب دیتاہے۔ (5) عاشورا کا روزہ رکھنے والے کو اللہ سات آسمانوں کا ثواب عنایت کرتا ہے۔ (6) عاشورے کے دن جس مسلمان کے ہاں کسی مومن نے افطاری کی تو گویا اس کے ہاں پوری امت محمدیہ نے افطاری کی۔ (7) عاشورے کے دن جس نے کسی بھوکے کو کھانا کھلایا تو گویا اس نے امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تمام فقیروں کو کھانا کھلاکر شکم سیر کیا۔ (8) جس نے عاشورا کے دن کسی یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرا تو اس کے ہر بال کے عوض ہاتھ پھیرنے والے کو جنت میں بلند مراتب دیے جائیں گے۔ (9) حضرت ابن عباس فرماتے ہیں کہ حضرت عمر نے کہا: اے اللہ کے رسول! اللہ عزوجل نے عاشورے کے دن کی بدولت ہمیں فضیلت دی ہے؟ فرمایا: ’’ہاں۔‘‘ (10) عاشورا کے دن اللہ نے زمینوں اورآسمانوں کو پیدا کیا۔ (11) عاشورا کے دن پہاڑ اور ستارے پیدا کیے۔ (12) اللہ نے عاشورا کے دن لوح و قلم پیدا کیے۔ (13) عاشورا کے دن اللہ نے جبریل علیہ السلام ، فرشتوں، آدم علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کو پیدا کیا۔ (14) عاشورا کے دن اللہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نارنمرود سے نجات دی۔ (15) عاشورا کے دن ہی اللہ نے دنبہ کی صورت میں حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کا فدیہ دیا۔