کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 208
عاشورئہ محرم کی فضیلت میں موضوع (من گھڑت) روایات موسیٰ الطویل حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انھوں نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے یکم سے نویں محرم تک کا روزہ رکھا اس کے لیے اللہ نے فضا میں ایک مربع میل ایک رقبہ بنادیا جس کے چار دروازے ہیں۔‘‘ امام ابن جوزی اس حدیث کو اپنی سند سے بیان کرنے کے بعد رقمطراز ہیں: ’’یہ حدیث من گھڑت ہے۔‘‘ دیکھیے: (الموضوع لابن الجوزي: 199/2) حافظ ابن حبان کے بیان کے مطابق موسیٰ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے ایسی موضوع روایات بیان کرتا ہے جس کا موجد وہ خود ہوتا ہے۔ یا اسے گھڑ کر کوئی حدیث دے دی جاتی ہے اور وہ اسے بیان کردیتا ہے۔ اس کی حدیث لکھنا درست نہیں ہے، ہاں از روئے تعجب لکھی جاسکتی ہیں۔ دیکھیے: (المجروحین: 243/2) موسیٰ کو علامہ برہان الدین حلبی نے الکشف الحثیث عمن رمی بوضع الحدیث (ص: 433) میں ذکر کیا ہے جس میں وہ وضاعین کو ذکر کرتے ہیں۔ گویا اس حدیث کو موسی الطویل نے وضع کیا ہے۔ دوسری من گھڑت روایت (1) یہ حدیث کہ جس نے عاشورا کا روزہ رکھا اس کے لیے اللہ نے ان ساٹھ سال کی عبادت لکھ دی جس میں نماز روزے بھی ہیں۔