کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 117
مسئلۂ رؤیتِ ہلال شریعت اسلامی میں تہوار کے دن اور اکثر عبادات چاند کی تاریخ سے متعلق ہیں، جیسے عیدالفطر، عیدالاضحی، روزے، حج اور دیگر عبادات چاند کی تاریخ کے حساب سے ادا کی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے اسلامی ملکوں میں رؤیت ہلال کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ بلکہ اس کے لیے باقاعدہ کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو تمام ذرائع بروئے کار لاکر چاند کے ہونے اور نہ ہونے کا اعلان کرتی ہیں۔ اختلاف مطالع کی بنا پر مختلف ممالک میں چاند مختلف دنوں میں نظر آتا ہے جس کی وجہ سے بالخصوص رمضان اور عیدین کے بارے میں اختلاف پیدا ہو جاتا ہے۔ یہ اختلاف اگرچہ قرون اولیٰ سے چلا آرہا ہے لیکن دور حاضر میں ذرائع ابلاغ کی ترقی سے یہ اختلاف نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اور اس کے حل کے لیے نئی نئی تجاویز سامنے آتی ہیں۔ اس سلسلے میں قابل غور باتیں حسب ذیل ہیں: ٭ اس مسئلے کی نوعیت اور اس کے بارے میں شریعت کا حکم کیا ہے؟ ٭ کیا اس خواہش کی کوئی شرعی حیثیت یا بنیاد ہے کہ عالم اسلام میں عیدَین اور رمضان کا آغاز ایک ہی روز ہو؟ ٭ کیا سعودی عرب کی رؤیت کو اس کے لیے بنیاد بنایا جاسکتا ہے؟ ٭ اختلاف مطالع کا اعتبار ہے یا نہیں؟