کتاب: مسئلہ رؤیتِ ہلال اور 12 اسلامی مہینے - صفحہ 113
بچانے کی اپنی طاقت کے مطابق کوشش کرے۔ سنتوں کی پابندی اور بدعات سے اجتناب یہ دونوں ہی باتیں ضروری ہیں، جیسے شرک کی نفی کے بغیر توحید کا اثبات ممکن نہیں، شر کو چھوڑے بغیر خیر کا حصول ممکن نہیں، اسی طرح بدعات کو چھوڑے بغیر سنتوں پر عمل ممکن نہیں۔ لا إلہ إلا اللّٰہ، کلمۂ توحید میں نفی و اثبات دونوں چیزیں ہیں۔غیر اللہ کی معبودیت کی نفی اور صرف اللہ کے معبود برحق ہونے کا اثبات ’’ کوئی معبود نہیں سوائے اللہ کے۔‘‘ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا: (فَمَن يَكْفُرْ بِالطَّاغُوتِ وَيُؤْمِن بِاللّٰهِ فَقَدِ اسْتَمْسَكَ بِالْعُرْوَةِ الْوُثْقَىٰ لَا انفِصَامَ لَهَا ۗ) ’’جس نے طاغوت کا انکار کیا اور اللہ پر ایمان لایا، اس نے مضبوط کڑا تھام لیا۔‘‘[1] تمام انبیاء کی دعوت کا محور بھی یہی دو نکتے رہے ، ایک کا اثبات دوسرے کی نفی۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِي كُلِّ أُمَّةٍ رَّسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ ۖ) ’’اور البتہ تحقیق ہم نے ہر امت میں رسول بھیجا (اور یہی کہا) کہ اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے بچو۔‘‘[2] نیز فرمایا: (وَالَّذِينَ اجْتَنَبُوا الطَّاغُوتَ أَن يَعْبُدُوهَا وَأَنَابُوا إِلَى اللّٰهِ لَهُمُ الْبُشْرَىٰ ۚ فَبَشِّرْ عِبَادِ ﴿١٧﴾ الَّذِينَ يَسْتَمِعُونَ الْقَوْلَ فَيَتَّبِعُونَ أَحْسَنَهُ ۚ أُولَـٰئِكَ الَّذِينَ هَدَاهُمُ اللّٰهُ ۖ وَأُولَـٰئِكَ هُمْ أُولُو الْأَلْبَابِ ﴿١٨﴾)
[1] البقرۃ 2:256۔ [2] النحل 36:16۔