کتاب: مسائل قربانی - صفحہ 20
بھی اس سنت ابراہیمی علیہ السلام کا اہتمام فرماتے اور امت کو بھی اس کا اہتمام کرنے کی تاکید فرماتے تھے۔ اسی سنتِ ابراہیمی علیہ السلام کی اہمیت اور اس کے متعلقہ مسائل کو کتاب و سنت کی روشنی میں سمجھنے سمجھانے کی غرض سے اس کتاب کو توفیقِ الٰہی سے ترتیب دیا جارہا ہے۔کتاب کے آخر میں ماہ ذوالحجہ کے ابتدائی دس دنوں کے فضائل و اعمال بھی بیان کرنے کی رب العزت کے فضل و کرم سے کوشش کی گئی ہے۔ کتاب کی تیاری میں پیش نظر باتیں: توفیقِ الٰہی سے کتاب کی تیاری کے دوران درج ذیل امور کا اہتمام کرنے کی کوشش کی گئی ہے: ۱: اس موضوع کی بنیاد اور اساس کتاب و سنت ہے۔ ۲: احادیث شریفہ کو غالباً ان کے اصلی مراجع سے نقل کیا گیا ہے۔صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے علاوہ دیگر کتبِ حدیث سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے امت کے اقوال پیش کئے گئے ہیں۔صحیحین کی احادیث کے ثبوت پر اجماعِ امت کی بنا پر ان کے بارے میں علمائے امت کے اقوال درج نہیں کئے گئے۔[1] ۳: آیات کریمہ اور احادیث شریفہ سے استشہاد اور استدلال کے وقت تفاسیر اور شروح سے استفادہ کیا گیا ہے۔ ۴: متقدمین اور متاخرین علمائے امت کی اس بارے میں تحریروں سے راہنمائی حاصل کرنے کی سعی کی گئی ہے۔جزاہم اللّٰہ تعالیٰ جمیعاً خیر الجزاء۔
[1] ملاحظہ ہو:مقدمۃ النووي شرح صحیح مسلم ص ۱۴؛ ونزہۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر ص ۷۹۔