کتاب: مسائل عیدین - صفحہ 12
کے سارے احوال کے بارے میں راہنمائی موجود ہے۔ اللہ عزوجل نے اہل اسلام کو دو عیدیں عطا فرمائی ہیں، لیکن انہیں ان دو موقعوں پر بھی اس طرح نہیں چھوڑا گیا، کہ وہ اُن میں جو چاہیں کریں اور جو چاہیں چھوڑ دیں، بلکہ کتاب و سنت میں ان کے احکام و مسائل بیان کردیے گئے ہیں، تاکہ مسلمان خوشی اور مسرّت کے ان دو موقعوں پر بھی اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ طرزِ عمل اختیار کرکے دنیا و آخرت کی خیر و برکات اور سعادتیں حاصل کرسکیں۔ مولائے کریم کی توفیق سے عیدین کے احکام و مسائل سمجھنے، سمجھانے، عمل کرنے اور دیگر برادرانِ اسلام کو ان پر دعوتِ عمل دینے کی غرض سے اس کتاب میں حقیر سی کوشش کی گئی ہے۔ کتاب کی تیاری میں پیشِ نظر باتیں: توفیقِ الٰہی سے درجِ ذیل باتوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کی گئی ہے: ۱: اس کتاب کی بنیاد اور اساس قرآن و سنت ہے۔ ۲: احادیثِ شریفہ کو غالباً ان کے اصلی مراجع سے نقل کیا گیا ہے۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے علاوہ دیگر کتبِ حدیث سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے امت کے اقوال پیش کیے گئے ہیں۔ صحیحین کی احادیث کے ثبوت پر اجماعِ امت کی بنا پر ان کے بارے میں علمائے امت کے اقوال درج نہیں کیے گئے۔[1] ۳: آیاتِ کریمہ اور احادیثِ شریفہ سے استدلال کرتے وقت کتبِ تفسیر اور شروحِ حدیث سے استفادہ کیا گیا ہے۔ ۴: متعلقہ مسائل کے بارے میں حضراتِ صحابہ رضی اللہ عنہم کے اقوال و افعال، اور
[1] ملاحظہ ہو: مقدمۃ النووي شرح صحیح مسلم ص۱۴، ونزھۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر، ص ۷۹۔