کتاب: مقالات و فتاویٰ ابن باز - صفحہ 61
دیں اوریہ لوگ رحمن کو نہیں مانتے ۔کہہ دیجئے، وہی تومیرا پروردگارہے، اس کے سوا کوئی معبودبرحق نہیں ہے، میں اسی پر بھروسہ رکھتا ہوں اوراسی کی طرف رجوع کرتا ہوں ۔‘‘ توحید کی تیسری قسم یہ ہے کہ عبادت کا مستحق صرف اورصرف اللہ تعالیٰ کی ذات گرامی کوقراردیا جائے اوریہی معنی ہیں’’لا الہ الا اللہ‘‘کے یعنی اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی اورمعبودنہیں ہے۔’’لا الہ الا اللہ‘‘کےاقرار سے غیراللہ کی عبادت کی تمام انواع واقسام کی نفی ہوجاتی ہےاوراللہ وحدہ سبحانہ وتعالیٰ کے لیے اس کا اثبات ہوجاتا ہے۔ یہ کلمہ تمام دین کی اصل اوراساس ہے۔یہ وہ کلمہ ہے جس کی طرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی قوم کو دعوت دی، اپنے چچا ابوطالب کو دعوت دی مگر ابوطالب مسلمان نہ ہو ااوروہ اپنی قوم کے دین پر فوت ہواتھا۔اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب مقدس کے بہت سے مقامات پر اس کلمہ کے معنی کی وضاحت فرمائی ہے۔مثلا اللہ تعالیٰ کافرمان ہے: ﴿ وَإِلَـٰهُكُمْ إِلَـٰهٌ وَاحِدٌ ۖ لَّا إِلَـٰهَ إِلَّا هُوَ الرَّ‌حْمَـٰنُ الرَّ‌حِيمُ﴾ (البقرۃ۲ /۱۶۳) ’’اور(لوگو)تمہارا حقیقی معبود اللہ واحد ہے، اس بڑے مہربان(اور)رحم کرنے والے کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ۔‘‘ ایک اور ارشاد گرامی ہے: ﴿وَقَضَىٰ رَ‌بُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ﴾ (الاسراء۱۷ /۲۳) ’’اورتمہارے پروردگار نے حکم فرمایا ہےکہ اس کے سواکسی کی عبادت نہ کرو ۔‘‘ مزید فرمایا: ﴿إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ﴾ (الفاتحۃ۱ /۵) ’’(اے پروردگار!ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اورتجھی سے مدد مانگتے ہیں ۔‘‘ اورفرمایا: ﴿وَمَا أُمِرُ‌وا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللّٰه مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ حُنَفَاءَ﴾ (البینۃ۹۸ /۵) ’’انہیں تو حکم ہی یہی دیا گیا تھا کہ اخلاص عمل کے ساتھ اللہ کی عبادت کریں!‘‘ ان کے علاوہ اور بھی بہت سی آیات کریمہ ہیں جوسب کی سب اس کلمہ کی تفسیر بیان کرتی ہیں اور یہ وضاحت کرتی ہیں کہ اس کلمہ کے معنی یہ ہیں کہ غیراللہ کی عبادت کو باطل قراردیا جائے اوریہ ثابت کیا جائے کہ عبادت صرف اور صرف اللہ وحدہ لاشریک کا حق ہے جس طرح کہ اس نے سورۂ حج میں فرمایا: ﴿ذَٰلِكَ بِأَنَّ اللّٰه هُوَ الْحَقُّ وَأَنَّ مَا يَدْعُونَ مِن دُونِهِ هُوَ الْبَاطِلُ وَأَنَّ اللّٰه هُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ (الحج۲۲ /۶۲) ’’یہ اس لیے کہ اللہ ہی برحق ہے اورجس چیز کو (کافر )اللہ کے سوا پکارتے ہیں، وہ باطل ہےاور اس لیے کہ اللہ رفیع الشان اوربڑا ہے ۔‘‘ اورسورہ ٔلقمان میں فرمایا: ﴿ذَٰلِكَ بِأَنَّ اللّٰه هُوَ الْحَقُّ وَأَنَّ مَا يَدْعُونَ مِن دُونِهِ هُوَ الْبَاطِلُ وَأَنَّ اللّٰه هُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ (لقمان۳۱ /۳۰)