کتاب: مقالات و فتاویٰ ابن باز - صفحہ 470
’’اورجو شخص اللہ تعالیٰ کے نازل کیے ہوئے احکام کے مطابق حکم نہ کریں تووہی لوگ ظالم ہیں ۔‘‘
﴿وَمَن لَّمْ يَحْكُم بِمَا أَنزَلَ اللّٰه فَأُولَـٰئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ﴾ (المائدۃ۵ /۴۷)
’’اورجواللہ تعالیٰ کے نازل کردہ احکام کے مطابق حکم نہ دیں توایسے لوگ نافرمان(فاسق) ہیں ۔‘‘
یہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے شدید وعید ہے کہ وہ اس کی کتاب اوراس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت سے اعراض کرکے کسی اورچیز کے مطابق حکم نہ دیں۔اس مقام پر اللہ تعالیٰ نے نہایت صراحت کے ساتھ یہ بیان فرمایا ہے کہ جو شخص شریعت کے بغیر حکم دے، اورکافر، فاسق اورمنافقین واہل جاہلیت کے عادات واطوارکو اپنائے ہوئے ہے۔لہذا مسلمانو!اس سے ڈر جاؤ جس سے اللہ تعالیٰ نے تمہیں ڈرایا ہے، ہر چیزمیں اس کی شریعت کے مطابق عمل کرو، شریعت کی مخالفت سے اجتناب کرو، آپس میں ایک دوسرے کو اسی کی تلقین کرو، شریعت سے اعراض اوراس کی تنقیص کرنے والوں سےبغض رکھو اورانہیں اپنا دشمن سمجھو تاکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کامیاب ہوجاؤ، اس کے عذاب سے بچ جاؤ، اسی سے تم اپنے اس فرض کو اداکرسکتے ہوجو اللہ تعالیٰ نے تم پر عائد کیا ہے کہ اس کے ان دوستوں کے دوست بن جاؤ جو اس کی شریعت کے مطابق حکم دیتے ہیں اوراس کی کتاب اوراس کے رسول کی سنت پر راضی ہیں اوراس کے ان دشمنوں کےدشمن بن جاؤ جو اس کی شریعت سے بے نیاز اور کتاب اللہ وسنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اعراض کرنے والے ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اور آپ کو صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطافرمائے، ہمیں اور آپ کو کافروں اورمنافقوں کی مشابہت سے بچائے، اپنے دین کی مددفرمائے اور اپنے دشمنوں کو ذلت ورسوائی سے دوچارکرے، بے شک وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
وصلي اللّٰه علي عبده ورسوله محمد وعلي آله وصحبه وسلم تسليما كثيرا الي يوم الدين۔