کتاب: مقالات و فتاویٰ ابن باز - صفحہ 35
کتاب: مقالات و فتاویٰ ابن باز مصنف: عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز پبلیشر: دارالسلام ترجمہ: محمد خالد سیف بِسْمِ اللّٰه الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ صحیح اورغلط عقیدہ الحمدللّٰه وحده، والصلوة والسلام علي من لانبي بعده، وعلي آله وصحبه ۔امابعد: جب صحیح عقیدہ، دین اسلام کی اصل اورملت اسلامیہ کی اساس ہے، تومیں نے یہ مناسب سمجھا کہ آج کے درس کا یہی موضوع ہو۔کتاب وسنت کے شرعی دلائل کی روشنی میں یہ بات واضح ہے کہ اعمال واقوال صرف اسی وقت صحیح اور مقبول قرارپاتے ہیں جب عقیدہ صحیح ہو، اوراگرعقیدہ صحیح نہ ہو تو پھر تمام اعمال واقوال باطل قرارپاتے ہیں، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ﴿وَمَن يَكْفُرْ‌ بِالْإِيمَانِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ وَهُوَ فِي الْآخِرَ‌ةِ مِنَ الْخَاسِرِ‌ينَ﴾ (المائدہ۵ /۵) ’’اور جوشخص ایمان کا منکر ہو، اس کے عمل ضائع ہوگئے اوروہ آخرت میں نقصان پانے والوں میں سے ہوگا ۔‘‘ نیزفرمایا: ﴿وَلَقَدْ أُوحِيَ إِلَيْكَ وَإِلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكَ لَئِنْ أَشْرَ‌كْتَ لَيَحْبَطَنَّ عَمَلُكَ وَلَتَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِ‌ينَ﴾(الزمر۳۹ /۶۵) ’’اور(اے محمد ! صلی اللہ علیہ وسلم )یقینا آپ کی طرف اورآپ سے پہلے کے تمام نبیوں کی طرف یہی وحی بھیجی گئی کہ اگر تم نے شرک کیا تو تمہارے عمل برباد ہوجائیں گے اورتم زیاں کاروں میں سے ہوجاؤگے ۔‘‘ اس مضمون کی اوربھی بہت سی آیا ت ہیں، اللہ تعالیٰ کی کتاب مبین اور سنت رسول امین عليه من ربه افضل الصلوة والتسليم سے ثابت ہے کہ صحیح عقیدہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، یوم آخرت اوراچھی بری تقدیر کے ساتھ ایمان لایا جائے۔صحیح عقیدہ کے یہ چھ امور، وہ اصول ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ کی کتاب عزیز میں بیان کیا گیا ہے اور یہی اصول دے کر اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول حضرت محمد علیہ الصلوۃ والسلام کو مبعوث فرمایا ہے۔ تمام امور غیب اوروہ تمام امورجن کی اللہ تعالیٰ اوراس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے خبردی ہے، کے ساتھ ایمان لانا بھی انہی اصولوں ہی کے برگ وبارہیں۔ان چھ اصولوں سے متعلق کتاب وسنت کے دلائل بہت زیادہ ہیں، مثلاً۔