کتاب: مقالات توحید - صفحہ 82
ساتواں مقالہ:
شرک کا معنی اور اس کی اقسام
شرک کا معنی :
لغت میں :....اشتراک اور برابری کرنے(اورساتھ ملانے) کو کہتے ہیں ۔
شریعت میں : ....اللہ تعالیٰ کی خصوصیات میں غیراللہ کو اس کے ساتھ برابر کرنا؛یا پھر کسی غیراللہ کو اللہ تعالیٰ کی صفات و خصوصیات ما حامل سمجھنا؛ یا وہ کام غیراللہ کے لیے بجا لانا جو صرف ایک اللہ تعالیٰ کے لیے کرنے چاہییں ؛ جیسے : رکوع وسجدہ کرنا؛ نذر و نیاز دینا؛ قربانی دینا اور ذبح کرنا۔یا مافوق الاسباب دل میں کسی کا خوف رکھنا یا امیدیں وابستہ کرنا۔
شرک کی اقسام:
۱۔ شرک اکبر:.... ہروہ امر جسے شارع نے شرک کہا ہو،اورجس سے انسان کا دین سے خروج لازم آتا ہو۔
۲۔ شرک اصغر:.... ہروہ قولی یا فعلی عمل جس پر شرک یا کفر کا اطلاق شریعت میں ثابت ہو، لیکن دلائل کی روشنی میں پتہ چلتا ہو کہ ایسا انسان دین سے خارج نہیں ہوتا۔
شرک کی بعض صورتیں :
اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کی کئی شکلیں و صورتیں ہیں جن کواللہ تعالیٰ نے تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے ۔اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿وَ قَدْ فَصَّلَ لَکُمْ مَّا حَرَّمَ عَلَیْکُمْ﴾ [الانعام119]
’’ اور وہ واضح کر چکا ہے جو کچھ کہ اس نے تم پر حرام کیا ہے ۔‘‘
نیز اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿قُلْ تَعَالَوْا اَتْلُ مَا حَرَّمَ رَبُّکُمْ عَلَیْکُمْ اَلَّا تُشْرِکُوْا بِہٖ شَیْئًا﴾ [الانعام]