کتاب: مقالات توحید - صفحہ 34
’’وہ تمام چیزیں جن کے کرنے سے اﷲ تعالیٰ راضی ہوتا ہو، اور انہیں پسند کرتا ہو؛ خواہ وہ گفتار میں سے ہوں یا کردار میں سے ان کا کرنا عبادت ہے ۔‘‘
ہر وہ کام جس کا اﷲ تعالیٰ نے کرنے کا حکم دیا ہے اس کام کرنا عبادت ہے مثلًا اسلام ،ایمان اور احسان ،دعا ،خوف ،امید ،توکل ،محبت ،ڈر،خشوع وخشیت ،انابت ،مدد طلب کرنا ،پناہ چاہنا ،فریاد کرنا ،ذبح کرنا اور نذر ماننا ،وغیرہ یہ تمام امورعبادت میں سے ہیں ۔ یہ اور ان کے علاوہ عبادت کی دیگر اقسام جن کے متعلق اﷲ تعالیٰ نے حکم دیا ہے وہ سب اﷲ تعالیٰ کے لیے ہوں تو توحید اور باعث جنت ہوں گی اور اگر ان میں سے کوئی کام غیر اﷲکے لیے کیا جائے تو گناہ اور بدعقیدگی کی وجہ سے شرک اورباعث جہنم ہوگا۔اﷲ تعالیٰ نے فرمایاہے :
﴿وَاَنَّ المَسَاجِدَ لِلّٰہِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللّٰہِ أَحَدًا﴾ [الجن18]
’’اور بیشک تمام مساجداﷲ کے لیے ہیں پس تم اﷲ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو نہ پکارو۔‘‘
جملہ عبادات کے مستحق صرف اﷲ تعالیٰ ہیں ،فرمان الٰہی ہے :
﴿و َاِلٰہُکُمْ اِلَہٌ وَّاحِدٌ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ ﴾ [البقرۃ261]
’’اور تمہارا معبودبرحق ایک ہی معبود ہے ؛ وہ رحمن اور رحیم ہے ، اس کے علاوہ کوئی برحق معبود نہیں ہے۔‘‘
مکلف پر شرعی ذمہ داریوں کانام ’’عبادت ‘‘رکھنے کی وجہ :
اس لیے کہ مکلف ان امور کا التزام کرتے ہیں ، اوراللہ تعالیٰ کے سامنے تذلل اختیار کرتے ہوئے ان امور کو بجالا تے ہیں ۔
عبادت کے ارکان :
عبادت کے تین ارکان ہیں :
۱۔ خوف ۲۔ محبت ۳۔ امید ۔
عبادت کے صحیح اور مقبول ہونے کی دو شرائط ہیں :
۱.... اخلاص:اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: