کتاب: مقالات توحید - صفحہ 166
۱۔ اطاعت الٰہی: اﷲ تعالیٰ نے اپناتقرب حاصل کرنے کے لیے ایک عظیم ضابطہ فرائض اورنوافل کی شکل میں عطافرمایاہے،اسی لیے اﷲ کے اولیاء کی دو قسمیں ہیں اورولایت الٰہی کے حصول کے دو اہم ترین مراتب ہیں : پہلی قسم:.... وہ لوگ جو فرائض کی ادائیگی کے ذریعہ اﷲ کاتقرب حاصل کرتے ہیں ۔ اس میں واجبات کی ادائیگی اورمحرمات سے اجتناب شامل ہے۔ ایک حدیث میں ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ :اﷲ تعالیٰ کافرمان ہے : ’’میراتقرب اورمحبت حاصل کرنے کاافضل ترین ذریعہ فرائض ہیں ۔‘‘ [بخاری ح 6502] دوسری قسم:....ان لوگوں کی ہے جوفرائض کی ادائیگی کے ساتھ نوافل کے ذریعہ اﷲ کا تقرب حاصل کرتے ہیں ۔اس لیے کہ فرائض کی اہمیت وفضیلت کے بعدنوافل کادرجہ ہے۔ بندہ نوافل کے ذریعہ اﷲ تعالیٰ سے اس قدرقریب ہوجاتاہے کہ اﷲ تعالیٰ اس سے محبت کرنے لگتاہے۔کوئی شخص فرائض کی بجاآوری کے بعد جس قدرنفلی اعمال زیادہ بجا لائے گااسے اتناہی اﷲ تعالیٰ کاقرب ،محبت اوردوستی حاصل ہو گی۔جب یہ دوستی اورمحبت کمال کوپہنچ جائے توانسان ولیٔ کامل بن جاتاہے ۔ اور وہ شریعت کااس قدر پابند ہو جاتا ہے کہ اس کاکوئی قدم شریعت کے خلاف نہیں اٹھتا،وہ غیرشرعی باتوں پر دھیان نہیں دیتا،نہ ان کی طرف دیکھتاہے ،نہ سنتاہے، اور نہ ہاتھ بڑھاتاہے اورنہ ان کی طرف چل کرجاتاہے۔اس کے کان ، ناک ،ہاتھ اورپاؤں غرضیکہ ساراجسم کتاب و سنت کے تابع بن جاتاہے۔جو اﷲ کا حکم ہووہ اس کی تعمیل کرتاہے اورجس چیزسے اﷲ تعالیٰ روکے وہ اس سے رک جاتاہے۔ جس میں یہ علامات اوراوصاف ہوں وہی اﷲ تعالیٰ کاحقیقی ولی اورحقیقی دوست ہے۔جب کوئی شخص یہ کام کرے تووہ رتبۂ ولایت پرفائز ہوجاتا ہے۔اب اس مقام پر پہنچ کر جب وہ دعاکرتاہے تواس کی دعاقبول ہوتی ہے ،مانگتاہے تواس کی مراد پوری ہوتی ہے۔ اورپھر اس کے بعد وہ مرتبہ ومقام حاصل ہوتاہے جس کے بارے میں اس حدیث میں