کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 49
کے مضمون ’’مولانا تمنا کے تنقیدی مضمون کا علمی محاسبہ‘‘ کے ابتدائی نوٹ میں ذکر کیا ہے اور حضرت سلفی رحمہ اللہ نے خود بھی اس مضمون کے آغاز میں اس مضمون کا تذکرہ کیا ہے۔ مذکورہ ماہنامہ لاہور سے مولانا حنیف ندوی کی زیر نگرانی اور ملک محمد رفیق کی زیر ادارت شائع ہوتا تھا۔
(3) إضاحة الحق:
یہ رسالہ دراصل مولانا عبدالحق قریشی میانوالی کا ترتیب دیا ہوا ایک کتابچہ ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے نظریہ حدیث کے متعلق ایک سوال نامہ تیار کیا اور مختلف علماءِ کرام کی خدمت میں جواب کے لیے ارسال کیا۔ چنانچہ حضرت سلفی رحمہ اللہ نے بھی ان سوالات کا جواب لکھا، جو مذکورہ رسالے میں شائع ہوا، جیسا کہ ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ (29 نومبر، 1957ء جلد: 9، شمارہ: 18) کے تبصرہ نگار نے مذکورہ رسالہ پر اپنے تبصرہ میں ذکر کیا ہے۔
ہر امکانی جگہ پر ان تحریرات کی تلاش کی گئی ہے، لیکن ہمیں کوئی مضمون دستیاب نہیں ہو سکا، لہٰذا اب حضرت سلفی رحمہ اللہ کے موجودہ مقالات ہی کو شائع کیا جا رہا ہے، اگر کسی وقت مفقودہ تحریرات دستیاب ہوئیں، تو انہیں بھی اگلے ایڈیشن میں شاملِ اشاعت کر دیا جائے گا۔ ان شاء اللہ
بنا بریں اگر کسی بھائی کو ان مضامین کے متعلق کوئی اطلاع ہو، تو ہمیں ضرور مطلع فرمائے، تاکہ اس نقص کا تدارک کرتے ہوئے ان تحریرات کو اگلی طباعت میں شامل کیا جائے۔
حضرت سلفی رحمہ اللہ کا اسلوب نگارش:
کرنے لگی زمین ستاروں پر تبصرہ
’’آفتاب آمد دلیل آفتاب‘‘ کے مصداق حضرت سلفی رحمہ اللہ کے اسلوب نگارش اور طرز کلام کو سمجھنے کے لیے ان کی تحریرات و نگارشات ہی کافی ہیں، تاہم حضرت سلفی رحمہ اللہ کی اردو انشاء پردازی کے متعلق اہل علم کی آراء و تبصرہ جات فہم کلام میں ممد و معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسی بناء پر انہیں ذیل میں ذکر کیا جا رہا ہے۔
1۔ علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
’’شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد اسماعیل صاحب کو باری تعالیٰ نے گوناگوں خوبیوں سے