کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 39
حال ہی میں جدید ایڈیشن مکتبہ اسلامیہ لاہور کی طرف سے شائع کیا گیا ہے۔
ان مقالات اربعہ کے علاوہ حضرت سلفی رحمہ اللہ نے دفاع حدیث اور فتنہ انکارِ حدیث کے سدِباب میں جو تحریری سرمایہ چھوڑا ہے، وہی اب ’’مقالات حدیث‘‘ کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس مجموعہ میں شامل تمام مقالات و مضامین کی تفصیل بھی آگے آ رہی ہے۔
2۔ تقریر و خطابت:
حضرت سلفی رحمہ اللہ کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال اندازِ بیان اور انتہائی مؤثر طرز خطابت سے نوازا تھا، چنانچہ قدرت کی ودیعت کی ہوئی اس صلاحیت کو بھی انہوں نے دفاع حدیث کے باب میں استعمال کیا اور حسب موقع خطبات و تقاریر میں منکرین قرآن و حدیث کے شکوک و شبہات کا انتہائی مؤثر ازالہ فرمایا۔
حدیث نبوی کی اہمیت میں ان کا رسالہ ’’حدیث کی تشریعی اہمیت‘‘ دراصل ان کی ایک تقریر تھی، جو جامعہ سلفیہ کانفرنس فیصل آباد میں کی گئی اور بعد ازاں احبابِ جماعت کے اصرار کی بناء پر مزید اضافہ جات کے ساتھ کتابی شکل میں شائع ہوئی۔
3۔ تحریض و ترغیب
حضرت سلفی رحمہ اللہ جہاں خود حفاظتِ حدیث کے ضمن میں حسب ضرورت قلم اٹھاتے، وہاں دوسرے اہل قلم اور اصحاب علم کو بھی دفاع حدیث و سنت اور منکرین قرآن و سنت کے شکوک و شبہات کے ازالے میں اپنی ذمے داریوں سے عہدہ برآ ہونے کی ترغیب و تلقین کیا کرتے۔ چنانچہ حضرت سلفی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’حدیث کے خلاف جس قدر لٹریچر شائع ہو رہا ہے اور جس عجلت سے شائع ہو رہا ہے اور جس لب و لہجہ سے شائع ہو رہا ہے، وہ اصحابِ سنت سے مخفی نہیں اور اس کے متعلق جس قدر ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے، جو قرآن اور سنت کو تاویل اور تقلید کے بغیر مانتے ہیں، وہ بھی ارباب سنت و حدیث پر عیاں ہے اور اس میں جس قدر تساہل برتا جا رہا ہے، وہ بھی پوشیدہ نہیں۔ زندہ جماعتوں کے لیے اس قسم کا اغماز اور تساہل جس قدر مضر ہے، اس سے بھی آپ حضرات بے خبر نہیں۔‘‘ (حجیت حدیث، ص: 9)