کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 38
اور راہِ حق سے بھٹکے افراد کو جادہ حق کی طرف گامزن کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوں گی۔ حضرت سلفی رحمہ اللہ نے دفاع حدیث میں جو قلمی سرمایہ چھوڑا ہے، وہ انتہائی وقیع اور تحقیقی مقالات و مضامین پر مبنی ہے، جو ان کی زندگی ہی میں رسائل و جرائد میں شائع ہوتا رہا اور بعد ازاں چند مقالات کتابی شکل میں بھی اشاعت پذیر ہوئے، جن کی تفصیل حسب ذیل ہے: (1) سنت قرآن کے آئینہ میں: یہ حضرت سلفی رحمہ اللہ کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘[1]میں شائع ہوئے اور بعد ازاں حضرت سلفی رحمہ اللہ کی مزید ترمیم و اضافے کے ساتھ مکتبہ سلفیہ لاہور کی طرف سے شائع ہوئے۔ (2) حدیث آنحضرت کی سیرت کی روشنی میں: یہ بھی حضرت سلفی رحمہ اللہ کے ان مضامین کا مجموعہ ہے، جو ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ کی دو اقساط میں طبع ہوئے۔ (الاعتصام: 20 اکتوبر، 27 اکتوبر 1950ء) (3) جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث: یہ کتاب مولانا مودودی کے مضمون ’’مسلک اعتدال‘‘ اور اس کی تائید و تصویب میں مولانا امین احسن اصلاحی کے لکھے گئے ایک مضمون پر نقد و تبصرہ ہے۔ یہ مضامین پہلے تو ’’الاعتصام‘‘ (23 مارچ 1956ء) کی متعدد اقساط میں شائع ہوئے اور بعد ازاں مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کی تصدیر و اہتمام کے ساتھ مکتبہ سلفیہ لاہور سے کتابی شکل میں طبع ہوئے۔ (4) حدیث کی تشریعی اہمیت: یہ مقالہ دراصل ایک تقریر تھی، جو جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں کی گئی اور بعد ازاں ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ (2 مارچ 1962ء) میں ’’احکام شریعت میں حدیث کا مقام‘‘ کے عنوان سے متعدد اقساط میں شائع ہوئی۔ حضرت سلفی رحمہ اللہ کے یہ چاروں مقالات بعد ازیں فاران اکیڈمی لاہور کے زیر اہتمام ’’حجیت حدیث‘‘ کے عنوان سے یکجا کتابی شکل میں شائع کیے گئے۔ اسی عنوان سے ان مقالات کا
[1] دیکھیں: الاعتصام (4 اگست 1950ء)