کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 365
حضرت ابراہیم علیہ السلام کے کذبات ثلاثہ مولانا مودودی نے تفہیم القرآن میں صحیح بخاری کی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی کذبات ثلاثہ والی حدیث کا اپنی دانست میں مخالف قرآن ہونے کی بنا پر انکار کیا، تو ایک سائل نے حضرت سلفی رحمہ اللہ سے اس حدیث کے متعلق استفسار کیا، جس کے جواب میں حضرت سلفی رحمہ اللہ نے قرآنی دلائل اور عقلی و لغوی شواہد کے ذریعہ اس حدیث کا مبنی برحق ہونا ثابت فرمایا اور اس کا انکار قلتِ نظر اور استدلال کی سطحیت کا نتیجہ قرار دیا۔ جب حضرت سلفی رحمہ اللہ کا یہ مضمون ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ (20 اکتوبر 1967ء) میں شائع ہوا، تو جماعت اسلامی کے تنظیمی جرائد میں ایک ہنگامہ بپا ہو گیا، جس میں زیر بحث حدیث، مسلک اہلحدیث اور حضرت سلفی رحمہ اللہ کے علم و فضل کو رد و قدح کا نشانہ بنایا گیا، چنانچہ ان احوال میں زیر بحث حدیث کے دفاع، مسلک اہلحدیث کے محامد و محاسن کو اجاگر کرنے اور حضرت سلفی رحمہ اللہ کی حمایت میں جماعت اسلامی ہی کے ایک سابق رکن اور نامور محقق عالمِ دین قاضی مقبول احمد صاحب ایم-اے نے قلم اٹھایا اور ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ (8، 15 دسمبر 1967ء، جلد: 19، شمارہ: 19، 20) کی دو اقساط میں متعلقہ مباحث پر بھرپور روشنی ڈالی اور کئی نئے پہلو اجاگر کیے۔ چنانچہ اسی افادیت کے پیش نظر حضرت سلفی رحمہ اللہ کے مذکورہ بالا مضمون کے حواشی میں یہ مضمون بھی درج کر دیا گیا ہے۔