کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 31
تقدیم الحمدلله رب العالمين، والصلاة والسلام عليٰ أشرف الأنبياء والمرسلين، وعليٰ آله وصحبه، ومن اقتدي بهديه، ونهج بنهجه، واستن بسنته إلي يوم الدين، أما بعد: قارئین کرام! ’’مقالاتِ حدیث‘‘ کے نام سے جو ضخیم اور علمی دفتر آپ کے ہاتھوں میں ہے، یہ درحقیقت شیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمه اللّٰه تعاليٰ ونور مرقده وتغمده بلطفه ورضوانه کے مختلف مضامین کا مجموعہ ہے، جسے ہمارے فاضل بھائی حافظ شاہد محمود حفظہ اللہ نے مختلف مجلّات و رسائل اور مخطوطات و مطبوعات سے حاصل کر کے اشاعت کی سعادت حاصل کی ہے اور یوں خدمتِ حدیث کی فہرست میں ایک انتہائی لطیف اور نفیس تالیف کا اضافہ عمل میں آ گیا ہے۔ ضاعف اللّٰه مثوبته ووفقه لمزيد مافيه حبه ورضاه۔ شیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ کی ذاتِ متنوع صفات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ عالمِ اسلام کے علمی حلقے اور بالخصوص وہ لوگ جنہیں حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے علماً وفهماً ودرايتاً وعملاً و اعمالاً شغف و اشتغال کی توفیق میسر ہے، وہ ان کے قلمِ سیال کی روانی و جولانی سے (بالخصوص دفاعِ سنت کے تعلق سے) بخوبی آگاہ ہیں، جس کا انتہائی روشن اور بین ثبوت زیر نظر مجموعہ مضامین ہے۔ اس کے علاوہ مولانا مرحوم کی دیگر تالیفات بھی اس پر شاہد عدل ہیں۔ کتابِ ہذا بہت سے علمی مضامین پر مشتمل ہے، جن میں حجیتِ حدیث، حجیتِ اخبارِ آحاد، کتابتِ حدیث، اصولِ محدثین اور ان کا اصولِ فقہاء سے مقارنہ جیسے علمی موضوعات قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں کتابِ ہذا علمی ردود اور جدال بطریقِ احسن کی بھی انتہائی خوبصورت مثال ہے۔ قرونِ اولیٰ اور بعد کے تمام ادوار کے اہل الحدیث کا یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ اہل بدعت کے پیدا کردہ اوہام و شبہات کی تردید و تنفید کو اپنا اولین فریضہ قرار دیتے تھے اور اس سلسلے میں کسی ملامت گر کی ملامت کی پرواہ نہ کرتے۔ شیخ الاسلام حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’درء تعارض العقل والنقل ‘‘ میں صحیح اور