کتاب: مقالات حدیث - صفحہ 26
تشریعی اہمیت۔ (2) جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث۔ (3) سنت قرآن کے آئینہ میں۔ (4) حجیتِ حدیث، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی روشنی میں، کو بھی شائع کیا جا رہا ہے۔ ان مقالات کی مختلف طبعات میں کئی اغلاط اور تصحیفات تھیں، جنہیں امکانی حد تک دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، خصوصاً مقالہ ’’جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث‘‘ میں صفحات کی تقدیم و تاخیر کی وجہ سے کئی عبارات کا مفہوم بگڑ گیا تھا۔ اس مقالے کی تصحیح کے لیے مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کی مراجعت سے شائع کردہ مذکورہ مقالہ پیش نظر رکھا گیا ہے، کیونکہ وہ اس مقالے کی تمام طبعات سے بہتر ہے۔
علاوہ ازیں اس مقالے کے آغاز میں مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ نے ’’تقریب‘‘ کے عنوان سے دیباچہ لکھا تھا، جس میں اس مقالے کا تعارف اور پسِ منظر بیان کیا گیا تھا، اسی طرح مذکورہ مقالے سے پہلے مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ کے قلم ’’حرف گفتنی‘‘ کے عنوان سے تین صفحات کا مقدمہ تھا، یہ دونوں مقدمات ’’المكتبة السلفيه‘‘ لاہور سے شائع کردہ طباعت میں تو موجود تھے، لیکن جب یہی مقالہ ’’حجیتِ حدیث‘‘ کتاب میں شامل اشاعت کیا گیا تو کسی مہربان کی ’’نظر بد‘‘ کی بدولت یہ دونوں علمی تحریریں حذف کر دی گئیں اور یوں قارئین ان قیمتی تحریرات کے مطالعے سے محروم رہے، حالانکہ یہ دونوں مقدمات پڑھنے سے کتاب کا پس منظر سمجھنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ ہم نے مقدور بھر کتاب کے جدید ایڈیشن کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش کی ہے، تاہم قارئینِ کرام کتاب کی موجودہ طباعت میں اگر کسی علمی اور طباعتی غلطی پر مطلع ہوں تو ہمیں ضرور آگاہ کریں تاکہ کتاب کے آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کی جا سکے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ذاتِ بابرکات اس کتاب کو قبولیت عامہ سے نوازے [1]اور اس کی خدمت و اشاعت میں حصہ لینے والوں کے لیے اسے ذخیرہ آخرت بنائے۔ آمین یا رب العالمین
حافظ شاہد محمود
14 شعبان المعظم 1433ھ = 4 جولائی 1212ء
[1] اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس کتاب کے پہلے ایڈیشن کو پاک و ہند میں بےحد مقبولیت حاصل ہوئی اور قارئین کرام کی طرف سے ہمیں نہایت حوصلہ افزاء تاثرات موصول ہوئے۔ پاکستان میں طباعت کے بعد ہندوستان میں بھی یہ کتاب طبع ہوئی اور اب وہاں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی حفظہ اللہ کی زیر نگرانی ان مقالات کا عربی میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔
اللہ تعالیٰ کی توفیق کے بعد اسی تشجیع کا نتیجہ ہے کہ ’’مقالاتِ حدیث‘‘ کی طباعت کے بعد مولانا محمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ کے مقالات و مضامین کے دو مجموعے: (1) نگارشات (2) مجموعہ رسائل بھی شائع ہو چکے ہیں اور حضرت سلفی رحمہ اللہ کے مقالات و فتاویٰ اور مکاتیب و مقدمات کے مزید دو مجموعے اعداد و طباعت کے مراحل میں ہیں۔ يسر اللّٰه لنا إكماله