کتاب: منہج ابن تیمیہ - صفحہ 93
حلیۃ الأولیاء ؛ عباد و زھاد کی حکایات کے متعلق لکھی گئی کتابوں میں سب سے عمدہ اور صحیح روایات پر مشتمل کتاب ہے۔ آپ کی یہ کتاب قشیری کے رسالہ ؛ اور ابو عبد الرحمن السلمی کی تصنیفات اور ابن الخمیس کی کتاب ’’مناقب الأبرار‘‘ سے بڑھ کر عمدہ اور صحیح روایات پر مشتمل ہے۔ اس لیے کہ ابو نعیم حدیث کے بہت بڑے عالم ؛ کثرت کے ساتھ حدیث روایت کرنے والے ہیں ۔ اور آپ کی روایات نقل کے اعتبار سے ان کتابوں کی بہ نسبت زیادہ ثابت شدہ ہیں ۔ مگر امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی کتاب الزہد اور ایسے ہی امام عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ کی کتاب ’’الزہد‘‘ اور ان جیسے دوسرے مؤلفین کی روایات حلیۃ کی روایات کی نسبت زیادہ صحیح ہیں ۔ مذکورہ بالا اور اس طرح کی دیگر کتابوں میں ضعیف احادیث کا آجانا بھی ایک لازمی امر ہے۔ صرف ضعیف ہی نہیں بلکہ باطل روایات بھی پائی جاتی ہیں ۔ اور یہ بات بھی قطعی طور پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ کتاب ’’حلیۃ الأولیاء‘‘ بھی اس سے محفوظ نہیں رہی۔ لیکن یہ بات بھی یقینی ہے کہ جو کچھ اس کتاب میں ہے وہ دوسری کتابوں کی نسبت بہت کم ہے۔ اس لیے کہ ابو عبد الرحمن السلمی کی تصانیف ؛ رسالہ قشیریہ اور مناقب الابرار میں باطل حکایات اور من گھڑت (باطل اور موضوع) احادیث بھی ہیں ۔