کتاب: منہج اہل حدیث - صفحہ 8
کے اصول بیان کرنے کے ساتھ ساتھ دور جدید میں منہج کے حوالہ سے جو خرابیاں ہیں ان کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ کتاب علماء ، طلبہ ، ، دعاۃ اور عوام الناس کے لئے منہج سلف صالحین کی پہچان ، اہل بدعت کی پہچان ،دور حاضر کے اہم منہجی مسائل اور جدید فتنوں سے بچاو کے لئے نہایت مفید ہے۔ ادارہ’’المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر ‘‘ کے بنیادی اہداف میں سے ایک اہم ترین ہدف’’ منہج سلف صالحین کی خدمت و نشر و اشاعت‘‘ بھی ہے، اسی ہدف کے پیش نظر یہ کتاب شائع کی جارہی ہے، اور اس حوالہ سے دیگر اہم کتب بھی زیر تکمیل ہیں جو کہ بہت جلد طباعت کے بعد قارئین کے ہاتھوں میں ہوں گی ان شاء اللہ۔ میں بندہ عاجز نے اپنی محدود صلاحیتوں کے ساتھ اس کتاب کا ترجمہ کیا ہے اور جہاں جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں حاشیہ میں کچھ اضافہ جات بھی کئے ہیں تاکہ اس کتاب کی افادیت میں مزید اضافہ ہوجائے ۔امام بربہاری کا شرح السنۃ والا کلام اوپر متن میں باکس میں ذکر کیا گیا ہے اور شیخ عبیلان کی شرح متن کے بعد ذکر کی ہے۔ میں اس کتاب کے حوالہ سے المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹرکے شعبہ تحقیق وتالیف کے نگران فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کا نہایت مشکور ہوں جنہوں نے اس کتاب میں اہم مقامات پر عنوانات قائم کرکے قاری کے لئے کتاب کی افادیت کو مزید بڑھا نے کے ساتھ ساتھ کتاب کا مطالعہ بھی آسان کردیا ہے۔ میں اپنے مربی و محسن اور استاد مکرم فضیلۃ الشیخ عبداللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ کا بھی نہایت مشکور ہوں کہ جنہوں نے اس کتاب پر تقریظ لکھ کر نہ صرف میری حوصلہ افزائی کی ہے بلکہ اس کتاب کی اہمیت بھی دو چند کردی ہے ۔ اس کتاب کی افادیت و اہمیت کا تذکرہ اور اس پر کام کرنے کا مشورہ برادر اکرم رئیس مرکز المدینہ، محترم شیخ سعید احمد شاہ حفظہ اللہ کا تھا جو کہ بذات خود شیخ عبیلان سے ملاقات بھی کرچکے ہیں اور ان سے استفادہ بھی کیا ہے، اللہ تعالی شیخ سعید حفظہ اللہ کو جزائے خیر عطا فرمائے کہ انہوں نے اس کتاب کے ترجمہ و طباعت کا خصوصی اہتمام کیا ، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہماری اس پر تقصیر کاوش کو قبول فرما لے، اس کتاب کا نفع عام بنادے، منہج سلف صالحین کے تعارف عام کا ذریعہ بنادے اور اس کتاب کو شیخ سعید حفظہ اللہ کے لئے، مجھ بندہ عاجز کے لئے اور تمام احباب المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے لئے صدقہ جاریہ بنادے۔ آمین واللہ ولی التوفیق۔ عثمان صفدر