کتاب: منہج اہل حدیث - صفحہ 7
کے قرآن و حدیث میں ان گنت دلائل موجود ہیں ، مثلا اللہ تعالی کا فرمان ہے : [فَإِنْ آمَنُوا بِمِثْلِ مَا آمَنْتُمْ بِهِ فَقَدِ اهْتَدَوْا] (البقرة: 137) ترجمہ: ’’اگر وہ تمہاری طرح ایمان لائیں تو ہدایت پائیں گے۔‘‘ یعنی صحابہ کرام کا ایمان ہی معیار ہے، اسی طرح اللہ تعالی کا فرمان ہے : [وَمَنْ يُشَاقِقِ الرَّسُولَ مِنْ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُ الْهُدَى وَيَتَّبِعْ غَيْرَ سَبِيلِ الْمُؤْمِنِينَ نُوَلِّهِ مَا تَوَلَّى وَنُصْلِهِ جَهَنَّمَ وَسَاءَتْ مَصِيرًا] (النساء: 115) ترجمہ:’’جو شخص راہ ہدایت کے واضح ہوجانے کے بعد بھی رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مخالفت کرے اور مومنوں کے راستے سے الگ راستہ اختیار کرے ہم اسے ادھر ہی پھیر دیں گے جدھر وہ پھرنا چاہتا ہے اور دوزخ میں ڈال دیں گے، وہ پہنچنے کی بہت ہی بری جگہ ہے۔‘‘ آیت مذکورہ میں مومنین سے اولین مراد صحابہ کرام ہی ہیں۔
الغرض یہ کہ ایمان و اسلام کی عمارت وحی الہی پر استوار ہے اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس کا قلعہ ہے اور صحابہ کرام اس کے محافظ ہیں، اب جس شخص کو فتنوں سے حفاظت اور ایمان کی سلامتی مطلوب ہے، اسے صحابہ کرام کے نقش قدم پر چل کر سنت کے قلعہ میں داخل ہونا پڑے گا، اور اسی منہج کو اختیار کرنے والوں کو اہل سنت والجماعت کہتے ہیں اور انہی کو اہل حدیث، سلفی اور اہل اثر بھی کہا جاتا ہے۔
منہج اہل سنت والجماعت یا منہج اہل حدیث صحابہ کرام کے فہم ، اسلوب اور تعامل کا نام ہے، یعنی قرآن و حدیث کے نصوص کو کس طرح سمجھا جائے گا، مختلف ابواب و مسائل میں انہیں کس اسلوب میں بیان کیا جائے گا اور ان پر عمل کرنے والوں کے ساتھ اور مخالفین کا ساتھ کیا طرز تعامل ہوگا۔
منہج صحابہ و سنت کی اسی اہمیت کے پیش نظر علماء اسلام نے اس کے بیان میں اور اہل بدعت و اہل باطل کے رد میں کئی کتب تالیف کیں اور انہیں " السنۃ" ہی کا نام دیا مثلا امام عبداللہ بن احمد رحمہ اللہ کی " السنۃ " امام خلال رحمہ اللہ کی "السنۃ"، امام مروزی کی " السنۃ" ، امام ابن ابی عاصم کی "السنۃ" امام شاطبی رحمہ اللہ کی "اعتصام بالکتاب والسنۃ" اور انہی کتب میں ایک انتہائی مفید و موثر کتاب امام بربہاری رحمہ اللہ کی "شرح السنۃ" بھی ہے۔
امام بربہاری رحمہ اللہ کی یہ کتاب درحقیقت عقیدہ کے اہم ابواب پر مشتمل ہے، البتہ اس کی ابتداء کے چند فقرات میں منہج کے حوالہ سے بہت اہم اصول بیان ہوئے ہیں ، جن کی شرح و توضیح سعودی عرب کے شہر حائل میں رہائش پذیر معروف عالم دین فضیلۃ الشیخ عبداللہ بن صالح العبیلان حفظہ اللہ نے کی ہے۔ شیخ عبداللہ بن صالح حفظہ اللہ منہج سلف کو بیان کرنے ، اس کی نشر و اشاعت اور خدمت کے حوالہ سے معروف ترین علماء میں سے ہیں، حتی کہ ماضی قریب کے کبار اہل علم شیخ البانی ، شیخ ابن باز ، شیخ عثیمین رحمہم اللہ اور دور حاضر کے کبار اہل علم مثلا شیخ صالح الفوزان حفظہ اللہ بھی منہج سلف کے مسائل میں شیخ صاحب کی کتب کی طرف رجوع کرنے کی نصیحت کرتے ہیں ۔ شیخ عبیلان حفظہ اللہ کی یہ شرح اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس میں منہج سلف صالحین