کتاب: منہج اہل حدیث - صفحہ 61
سلف صالحین کے طریقہ کے متعلق یہ جھوٹ اور جہالت کو جمع کر بیٹھے ہیں اور خلف کے طریقہ کو درست کہہ کر یہ جہالت اور گمراہی کو سمیٹ رہے ہیں" [1]۔
مزید فرماتے ہیں :" پھر یہ اہل کلام جو سلف صالحین کے مخالف ہیں ان سے اگر معاملہ کی تحقیق کی جائے تو ان کے پاس اللہ عزوجل کے متعلق حقیقی علم اور خالص معرفت کے حوالہ سے نہ تو کوئی حدیث ہے نہ کو ئی دلیل اور نہ ہی سلف کا کوئی قول !، تو یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ان جیسے لوگ جن کی عقلوں پر پردہ ہے ، جن پر دوسروں کو فضیلت دی گئی ہے اور دوسرے لوگ ایمان میں ان سے سبقت لے گئے ہیں ، جو حیران و پریشان ہوں اور فضول گوئی کے عادی ہوں وہ اللہ عزوجل کے اسماء اور صفات کے باب میں ان لوگوں سے زیادہ علم و حکمت کے حامل ہوں جو لوگ سابقین اولین ، مہاجرین و انصار میں سے ہیں اور وہ لوگ جو ان کی احسن انداز میں پیروی کر کے انبیاء کے وارث ، اور رسولوں کے نائب قرار پائے ہیں ، جو ہدایت کے چمکتے ستارے ہیں ، اندھیروں میں جلتے چراغ ہیں ، جن کے ذریعہ قرآن مجید کا قیام ہوا، اور جو خود قرآن مجید کے سہارے کھڑے ہوئے ، جن کے ذریعہ کتاب نے کلام کیا اور جنہوں نے کتاب کے ذریعہ کلام کیا ، جنہیں اللہ عزوجل نے ایسا علم اور حکمت عطا کی جس کے ذریعہ وہ تمام انبیاء کے تمام پیروکاروں پر فضیلت لے گئے ، بشمول ان تمام امتوں کے جن کے پاس کتاب ہی موجود نہیں ہے، اور انہوں نے ظاہری اور باطنی حقائق کا ایسا احاطہ فرمایا ہے کہ اگر ان حقائق کا کسی اور کی حکمت کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو موازنہ کی چاہ رکھنے والا شرمسار ہوجائے" [2]۔
4۔ اہل سنت والجماعت ہی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات ، فرامین اور افعال مبارکہ کا سب سے زیادہ علم رکھنے والے ہیں ، اسی لئے وہ سب سے بڑھ کر سنت سے محبت کرنے والے ، اتباع سنت کے دلدادہ اور اہل سنت سے قریبی تعلق رکھنے والے ہیں، شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمه الله فرماتے ہیں : " لہذا جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کامل ترین مخلوق ہیں اور حقائق کا سب سے زیادہ علم رکھنے والے ہیں ، قول وفعل میں سب سے بڑھ کر ہدایت پر ہیں تو لازمی بات ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے احوال کا سب سے زیادہ علم رکھنے والا ہی سب سے بڑا عالم ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے بڑھ کر اتباع کرنے والا ہی سب سے افضل ہے"۔
اس تفصیل سے یہ بات واضح ہوگئی کہ طائفہ منصورہ اور فرقہ ناجیہ ہونے کے سب سے زیادہ حقدار اہل سنت والجماعت ہی ہیں ، شیخ الاسلام رحمه الله فرماتے ہیں : لہذا یہ بات واضح ہوگئی کہ فرقہ ناجیہ ہونے کے سب سے زیادہ حقدار اہل حدیث ہیں
[1] مجموع الفتاوی (5/11)
[2] مجموع الفتاوی (5/9)